’گرل فرینڈ خود کو بدصورت سمجھ کر قریب نہیں آنے دیتی‘


Liane and Mitch

BBC Three
مچ اور لیئین گذشتہ ڈیڑھ برس سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں

میں اپنی گرل فرینڈ لیئین سے بہت محبت کرتا ہوں۔ بس میری یہی خواہش ہے کہ وہ بھی اپنے بارے میں ایسی ہی سوچ رکھتی ہوں۔

لیئین بہت خوش مزاج اور دلچسپ شخصیت کی مالک ہیں۔ نیلی آنکھیں اور لمبے بال، جن پر وہ مختلف رنگوں سے ڈائی کرتی ہیں۔ خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ اس وقت اس کے بالوں پر آگ جیسا سرخ رنگ خوبصورتی بکھیر رہا ہے۔

لیکن لیئین جیسی نظر آتی ہیں، انھیں اس سے نفرت ہے اور وہ دن میں کئی بار خود کو بد صورت اور بدنما کہتی ہیں۔ وہ خود کو ’اوورویٹ‘ یا فربہ کہتی ہیں، اگرچہ وہ ایسی نہیں ہیں۔ انھیں لگتا ہے کہ ان کا چہرہ ایک طرف سے بڑا لگتا ہے جبکہ ان کے چہرے کے خدوخال ایک جیسے ہیں، یعنی کوئی حصہ بڑا یا چھوٹا نہیں ہے۔

ہماری پہلی ملاقات 2015 میں ڈیٹنگ ویب سائٹ ’ٹِنڈر‘ پر ہوئی تھی جس سے لیئین کو محبت ہے کیونکہ ان کا خیال ہے کہ وہ ٹنڈر پر تصویروں میں خود کو اچھا بنا کر پیش کرنے میں کامیاب رہتی ہیں۔ پہلی چند ملاقاتوں میں وہ بہت پُر اعتماد دکھائی دیں۔ میں نے بھی کبھی کسی سے اس سے قبل اتنی جلدی اتنا بے تکلف محسوس نہیں کیا تھا۔ لیئین میں کچھ ایسا تھا کہ میں ان کی طرف اس قدر متوجہ ہو گیا۔

ہمارے بڑے ہی مثالی تعلقات ہیں اور مجھے چند ماہ میں ہی ادراک ہو گیا تھا کہ میں لیئین پر مرتا ہوں۔

شکل و صورت کے مسائل

ہمارے تعلقات کے چھ ماہ میں اب یہ واضح ہو چکا تھا کہ لیئین کا اپنا تشخص ان کی اپنی نظر میں بہت خراب تھا۔ ہم اکھٹے تھے اور باہر جانے کی تیاری کررہے تھے جب انھیں یہ محسوس ہوا کہ ان کے پاس بالوں کا سپرے ختم ہو چکا ہے۔

مجھے صاف پتا چل گیا کہ وہ بہت پریشان تھیں اور اپنے بالوں سے متعلق بہت فکر مند تھیں۔ میں دکان پر گیا اور انہیں ایک نیا سپرے خرید کر دیا۔ وہ اس سپرے سے مختلف تھا جو لیئین عام طور پر استعمال کرتی ہیں۔ اس پر وہ اتنی شدید ناراض ہوئیں کہ چیزوں کو ادھر ادھر پھینکنا شروع کر دیا۔

Liane

BBC Three
لیئین کے اپنی ظاہری شخصیت کے بارے میں خدشات اتنے شدید ہیں کہ ان کی زندگی اور اس کے آس پاس کے لوگوں پر اس کا ایک بہت برا اثر پڑتا ہے

اس پر ہماری شدید تلخی ہوئی۔

اس تلخی کے بعد جب ہم دونوں کا غصہ ٹھنڈا ہوا تو مجھے یہ محسوس ہوا کہ وہ جس طرح خود کلامی کرتی ہیں اور اپنے حلیے کے بارے میں جس طرح منفی باتیں کرتی ہیں، یہ رویہ مناسب نہیں۔

مجھے بھی ’ابسیسیو کپلسیو ڈس آرڈر‘ (او سی ڈی) یعنی ذہنی طور پر حاوی ہو جانے والے جنونی اضطراب کی بیماری ہے جو میرے قابو میں ہے لیکن یہ بہت شدید ہے اور میں نے یہ سوچا کہ لیئین کے کچھ رویے بھی اسی طرح کی بے چینی کی علامات ہوسکتے ہیں۔

میں نے انھیں اپنے مقامی ڈاکٹر کے پاس جانے کی تجویز دی۔ شروع میں وہ اگرچہ اس تجویز سے متفق نہیں تھیں، لیکن انہیں یہ سن کر اطمینان ہوا کہ ہم نے اس کے بارے میں ایمانداری سے بات تو کی۔

’باڈی ڈیسمورفک ڈس آرڈر‘

اور تب یہ تشخیص ہوئی کہ لیئین ایک بیماری میں مبتلا ہیں جسے باڈی ڈیسمورفک ڈس آرڈر یا بی ڈی ڈی (ایک نفسیاتی بیماری جس میں انسان اپنی صورت میں تخیلاتی نقائص کا شکار ہوجاتا ہے) کہا جاتا ہے۔

یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس بیماری سے صرف دو فیصد آبادی متاثر ہے اور اس بیماری میں انسان یہ سوچتا ہے کہ وہ بدصورت دکھائی دیتا ہے، اپنی ظاہری شخصیت کا دوسروں سے موازنہ کرتا ہے اور جسم کے کسی مخصوص حصے، عام طور پر چہرے کے بارے میں فکر مند ہوتا ہے۔

لیئین نے حال ہی میں بی ڈی ڈی کا علاج باقاعدہ شروع کیا ہے اور حالانکہ اب ان کی تشخیص بھی ہوچکی ہے تو اس حالت کے ساتھ رہنا مشکل ہے۔ مجے یہ ذہنی بیماری نہیں ہے مگر لیئین کے ساتھ رہنے کا مطلب یہ ہے کہ بی ڈی ڈی میری روزمرہ زندگی کا بھی ایک حصہ ہے۔

آئے دن اس سے غیر متوقع مسائل پیدا ہوسکتے ہیں مثلاً اس وقت جب ہم جوس بار میں جانے والے تھے، لیکن لیئین نے اچانک فیصلہ کیا کہ وہ بار کے اندر نہیں جاسکتیں کیوںکہ جس لڑکی کو وہ خود سے کہیں زیادہ خوبصورت سمجھتی تھیں وہ اندر بیٹھی تھی۔

یہ چیز واقعی خوفناک شکل بھی اختیار کر سکتی ہے، مثلاً لیئین اکثر اس لڑکی کے چہرے کو نوچنے کی خواہش کے بارے میں بات کرتی ہیں اور اپنے منفی احساسات کی وجہ سے اپنے ہی بالوں کو جلا لیتی ہیں۔

Mitch Witham

BBC Three

میں اس وقت وہاں موجود تھا جب لیئین نے حقیقت میں اپنے بالوں کو جلانے کی کوشش کی تھی۔

ہمارے تعلق کو ابھی چند ہی ماہ ہوئے تھے اور میں حقیقتاً گھبرا گیا تھا۔ میں انہیں روکنے کے لیے کچھ نہیں کہہ سکتا تھا اور نہ ہی کچھ کرسکتا تھا۔

سب سے مشکل بات یہ ہے کہ ہم میں جنسی تعلق نہیں ہے۔ لیئین کے لیے میرے سامنے برہنہ ہونا بھی بہت مشکل ہے۔

ہم نے آخری بار ہم بتسری کچھ ماہ پہلے کی تھی۔ وہ بھی صرف ایک دوسرے کو چھونے کی حد تک۔ میں عام طور پر لیئین کی طرف سے پہل کا انتظار کرتا ہوں کیونکہ میں جانتا ہوں کہ وہ اسی میں بہتر محسوں کرتی ہیں، لیکن پریشان کن بات یہ ہے کہ وہ عام طور پر چاہتی ہیں کہ پہل میں کروں۔

اس کا مطلب ہے کہ ہم کبھی کبھار ہی ہم بستری کر پاتے ہیں۔

جسمانی قربت

اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ لیئین کو اس وقت کیسا محسوس ہوتا ہے۔ ہم شروع کرسکتے ہیں ، لیکن پھر وہ اپنے ذہن میں خود کو پراعتماد محسوس نہیں کرتیں اور ہم رک جاتے ہیں۔

کبھی کبھی مجھے لگتا ہے کہ میں چاقو کی دھار پر کھڑا ہوں، اگرچہ کسی رشتے میں سیکس سب سے اہم چیز نہیں ہے لیکن ظاہر ہے کہ یہ تعلق کا ایک بڑا حصہ ہے۔

میں اپنی دلجوئی کے لیے پورن دیکھتا ہو۔ ایک بار جب انھوں نے میرے فون میں پورن دیکھا تو لیئین کو غصہ آ گیا۔ وہ نہیں چاہتیں کہ میں یہ دیکھوں کیوںکہ وہ سمجھتی ہیں کہ میں ان کے ساتھ سیکس پر پورن کو ترجیح دیتا ہوں۔

ہم نے جنسی تعلق قائم کرنے کے لیے متعدد طریقوں سے کوشش کی ہے۔ رات ایک ساتھ گزارنے سے لیکر یہ کہنے تک کہ میں اسے کتنا پرکشش سمجھتا ہوں، لیئین کو سیکس کے لیے تیار ہونے میں کافی وقت دینے تک۔

لیکن اگر وہ خود سے خوش نہیں ہیں تو پھر یہ بہت مشکل ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہم واقعی میں اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی نہیں کرسکتے ہیں۔

Liane drawing a picture of a face

BBC Three
لیئین کو ڈرائنگ اور پینٹنگ کرنا پسند ہے

ہم دونوں 29 سال کے ہیں اور اس عمر میں جہاں لیئین کے تمام دوستوں کی شادی ہو رہی ہے۔ ہم نے شادی اور بچوں کے بارے میں بات کی جو مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔

یہ ایک انتہا سے دوسری انتہا کی طرف جانے کی طرح ہے۔ لیئین کہنے لگیں کہ وہ شادی کرنا پسند کریں گی لیکن پھر اپنی بیماری کے سبب کہنے لگیں نہیں، کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ بچہ پیدا کرنے سے ان کا جسم خراب ہو جائے گا۔

وہ اب علاج کروا رہی ہیں اور اس سے مدد مل رہی ہے، لیکن ایسے وقت بھی آئے ہیں جب میں سوچتا تھا کہ ہمیں الگ ہو جانا چاہیے۔

ایک دفعہ ہم گھومنے کے بعد دوستوں کے ساتھ بار میں تھے اور چند لڑکے ایسی لڑکیوں کے ساتھ آئے جنھیں وہ جانتے تھے۔ لیئین بہت ناراض ہو گئیں۔ مجھے لگتا ہے کہ لیئین کو لگا کہ وہ ان کے مقابلے میں بدصورت ہیں۔

لیئین نے مجھے ہلکا ہلکا ہلانا شروع کیا اور پھر ایک دم بہت غصے میں آگئیں۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ان کا دفاعی طریقہ کار ہے، لیکن ہم تقریباً 18 ماہ سے ڈیٹنگ کر رہے تھے اور اس قسم کی چھوٹی چھوٹی چیزوں میں اضافہ ہو رہا تھا۔

اس قسم کی حرکات وہ باقاعدگی سے کرنا شروع ہو گئیں۔ دکانوں یا بارز میں طوفان برپا کرنا، ناراض ہو جانا کیونکہ قریب سے کسی نے ان کی بی ڈی ڈی کو متحرک کر دیا اور اس کی وجہ سے مجھ سے جھگڑنا۔

مدد حاصل کرنا

اس بار گھومنے کے بعد میں نے لیئین کو بتایا کہ یہ بہت زیادہ ہو رہا ہے اور انھیں مدد کی ضرورت ہے کیونکہ میں اب اس مسئلے کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

اکثر ایسا محسوس ہوتا کہ لیانے میں دو لوگ ہیں اور بی ڈی ڈی کی بیماری لیئین کے اندر ایک حیوان کی صورت موجود ہے۔

میں نے سیکھ لیا تھا کہ جب وہ اس طرح کی بات کریں کہ ’میں بھدی دکھتی ہوں‘ تو مجھے انھیں سیدھا جواب نہیں دینا۔ بلکہ میں ان کا بازو یا ہاتھ پکڑ کر یا گلے لگا کر یقین دلاتا کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔

بہت عرصے تک میں نے اپنے گھر والوں اور دوستوں کو اس بارے میں نہیں بتایا کیونکہ میں سوچتا تھا کہ ’یہ لیانے کا ذاتی مسئلہ ہے۔‘ لیکن پھر گذشتہ برس میں نے اپنی مایوسی ختم کرنے کے لیے اپنے والدین کو بتا دیا۔

ان دونوں نے واقعی بہت تعاون کیا۔ میری والدہ ذہنی صحت سے متعلق کام کرتی ہیں، اور لیئین کی صورتحال کو سمجھتی ہیں حالانکہ مجھے اندازہ ہے کہ ان کی اصل تشویش یہ ہے کہ میں خوش ہوں یا نہیں۔ میں ہمیشہ انھیں یقین دلاتا رہتا ہوں کہ میں خوش ہوں۔

دوستوں کا معاملہ مختلف ہے۔ انھیں حال ہی میں بی ڈی ڈی بیماری کے بارے میں علم ہوا ہے۔ ان کے لیے سب سے مشکل یہ بات سمجھنا ہے کہ میرے اور لیانے کے درمیان کوئی جنسی تعلق نہیں ہے۔ مجھے اس قسم کے بہت سے کلمات سننے کو ملے ہے کہ ’میں اس کا مقابلہ نہیں کر پاؤں گا۔‘

لیکن مجھے اس محبت پر پورا یقین ہے جو میرے اور لیانے کے دل میں ایک دوسرے کے لیے ہے۔

میں ہر آنے والے دن کو ایسے لیتا ہوں کہ میں ہر روز اچھے وقتوں کا جشن مناتا ہوں کہ ہم ساتھ ہیں۔ ہم آج بھی ہنستے ہیں، ہم اپنی سب باتیں ایک دوسرے سے کرتے ہیں اور وہ اب بھی میری سب سے اچھی دوست ہیں۔

میں جانتا ہوں کہ لیئین کی بی ڈی ڈی کی نفسیاتی بیماری کبھی نہیں جائے گی لیکن میں اس مقام پر پہنچنا چاہتا ہو جہاں مجھے اس سے کوئی فرق نہ پڑے۔ میں مسلسل ایک نازک راستے پر چل رہا ہوں اور چاہتا ہوں کہ لیانے کو خود پر اعتماد آ جائے۔

DO NOT DELETE – DIGIHUB TRACKER FOR [49510503]


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp