صرف میں نہیں، تحریک انصاف کی اکثریت عثمان بزدار کو نہیں جانتی: فواد چودھری


وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مجھ سمیت پارٹی کی اکثریت نہیں جانتی۔ اگر آپ گورننس سے مطمئن نہیں تو وزیراعلیٰ سے بھی مطمئن نہیں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ حکومت اسی کی ہوتی ہے جو بہتر ہو اور فوج بہتر ہے، اداروں کے ٹھیک ہونے تک سول ملٹری تعلق برابری کی بنیاد پر نہیں ہوگا۔

ایک انٹرویو میں فواد چودھری نے کہا عثمان بزدار کو جانتا کون ہے؟ عثمان بزدار کو میں ہی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی اکثریت نہیں جانتی۔ عثمان بزدار تو الیکشن کے وقت سامنے آئے۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان ہمارے قابل احترام لیڈر ہیں، ان کا حکم ماننا پڑتا ہے لیکن ضروری نہیں ہے کہ جو ہو رہا ہو، آپ اس سے اتفاق بھی کریں۔

فواد چوہدری نے نیب قوانین میں مجوزہ تبدیلی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی خاص مقصد یا شخص کے لئے قانون کو تبدیل نہیں کیا جانا چاہئے۔ نیب کی کارروائیوں پر ان کا کہنا تھا میرا نکتہ نظر یہ ہے کہ قانون ایسا ہونا چا ہئے کہ کوئی بچ نہ سکے پھر چاہے وہ سیاستدان ہو، بیوروکریٹ یا پھر بزنس مین، مخصوص طبقوں کے لئے  قانون کو کوئی قبول نہیں کرے گا۔ وہ نیب کو پرائیویٹ لوگوں سے دور رکھنے کے حق میں بھی نہیں۔

اپنے خلاف ہونے والی سازشوں پر بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا جو لوگ نمایاں ہوتے ہیں اور زیادہ نظر آتے ہیں، ان کے خلاف سازشیں زیادہ ہوتی ہیں۔

Facebook Comments HS