متحدہ عرب امارات کا مشورہ ہے کہ کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ نہ بنایا جائے: حامد میر


سینئر صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ انہیں وفاقی حکومت کے کچھ ذمہ دار لوگوں نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ نہ بنائے۔ جیونیوزکی خصوصی نشریات میں حامد میر کا کہنا تھاکہ جہاں تک سعودی عرب کے وزیر خارجہ ہیں ،ان کے بارے میں یہی پتہ چلا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آ رہے ہیں لیکن آج صبح ہمیں وفاقی حکومت کے کچھ بہت ذمہ دار لوگوں نے یہ بتایا ہے کہ عرب امارت کے وزیر خارجہ بھی بظاہر پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے آ رہے ہیں لیکن پاکستانی قیادت کے ساتھ پچھلے دنوں میں بات چیت کے دوران میں انہوں نے پاکستانی قیادت کو بڑے عاجزانہ طورپر یہ درخواست کی ہے کہ وہ کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ بنانے کی کوشش نہ کرے۔

حامد میر نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاکستانی حکومت اور وزیرخارجہ کوبہت واضح بتانا چاہیے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی صرف کشمیر میں ظلم نہیں کر رہا بلکہ ہندوستان کے بیس کروڑمسلمانوں کو زبردستی ہندو بنانا چاہتا ہے تو یہ امت کا مسئلہ ہے یا نہیں ہے۔ ہمیں امید ہے شاہ محمود قریشی اماراتی وزیر خارجہ کو سمجھانے کی کوشش کریں گے کہ یہ صرف پاکستان اور بھارت کا دوطرفہ معاملہ نہیں ہے۔ او آئی سی جن مقاصد کے حصول کے لئے قائم کی گئی تھی اس میں ایک بڑا ایشو یہ بھی تھا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں کے ساتھ کوئی ظلم ہوگا تو او آئی سی مشترکہ آواز اٹھائے گی۔ آج کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).