نیب کا بنیادی مقصد احتساب نہیں، سیاسی جماعتیں بنانا اور توڑنا ہے: جاوید ہاشمی


مسلم لیگ نواز کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ خبریں آ رہی ہیں کہ ڈیل ہو رہی ہے تاہم پارٹی قائد نواز شریف کا واضح موقف ہے کہ این آر او نہیں لیں گے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ یہ طے ہے کہ ہم وزیراعظم عمران خان کے پاس نہیں جائیں گے۔  این آر او دینے کا عمران خان کے پاس کوئی قانونی اختیار نہیں۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر کب سے تحقیقات ہورہی ہیں مگر چارج نہیں لگا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناا للہ کے کیس کا فیصلہ آنے لگا تو جج کو واٹس ایپ پر پیغام آگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب خوب احتساب کرے مگر اپنے اختیارات سے تجاوز نہ کرے۔ مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے کیس میں ایسا کوئی قانون نہیں کہ شیئر ٹرانسفر نہیں کر سکتے۔ نیب یہ تو دیکھے کہ قانون لگتا کون سا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہم پر سات سال میں چھ ہزار ارب روپے کے غیر ملکی قرضوں کا الزام عائد کرتے ہیں تاہم ان کی حکومت نے ایک سال میں 10 ہزار ارب کے قرضے لیے ہیں۔ ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف کیسز فقط کاغذی کاروائیاں ہیں، فیصلے سب لکھے پڑے ہیں، ججز صرف فیصلے سناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب ہی مقدمے قائم کرتی یے، ملزم نامزد کرتی ہے اور پھر مجرم قرار دے کر سزائیں سناتی ہے۔

ںیب پر تندید کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا یہ ادارہ بنایا ہی اس لئے گیا تھا کہ اس کی مدد سے سیاسی پارٹیوں میں نقب لگائی جا سکے۔  اپنی ہی بنائی ہوئی سیاسی پارٹیاں توڑی جا سکیں۔ جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز جیل میں ہیں، جب لیڈر قربانیاں دے دیں تو پارٹیاں ٹوٹتی نہیں ہیں۔

Facebook Comments HS