کیا جیل میں موجود نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی واقعی کوشش کی گئی؟ پرویز رشید نے بات کھول دی


سابق وزیر اطلاعات اور سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ملاقات پر پابندی ہے اس لیے ڈیل کی پیشکش سے متعلق معلومات نہیں لیکن ایک بات بہت و ثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ اس حکومت کے پاس نواز شریف کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہے ۔

نجی نیو ز چینل پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اہلیہ کا انتقال ہوا تو وہ جیل میں تھے۔ ان کے والد کا انتقال ہوا تو وہ جلا وطن تھے۔ نواز شریف کی آنکھوں کے سامنے ان کی بیٹی کو جیل منتقل کیا گیا۔ پرویز رشید نے کہا کہ جس شخص کی عزت کو تار تار کیا گیا ہو، جس کی محبت چھین لی ہو، جس کی بیٹی کی عزت خراب کی ہو، اسے یہ حکمران کیا دے سکتے ہیں؟

نواز شریف نے اصول کے لیے زندگی وقف کر دی اور قربانی دی۔ انہیں حکمران کچھ بھی دے کر مطمئن نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نواز شریف کا وطن ہے، انہیں کہیں نہیں بھیجا جا سکتا۔ مشرف دور میں بھی وہ واپس آئے لیکن انہیں ائیر پورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔ نواز شریف آج بھی پاکستان کے بیٹے ہیں۔ یہ وطن ہمارا ہے، کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ ہمیں اپنے وطن سے باہر جانے کو کہے۔ ہم اسی وطن کی جیلوں میں بھی رہیں گے اور اسی ملک کے قبرستانوں میں دفن ہوں گے لیکن باہر نہیں جائیں گے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).