دنیا کا سب سے بڑا موٹیویٹر کون؟


میں نے گزشتہ چھ ماہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے تقریبا 100 ٹاپ کلاس موٹیویٹر/ٹرینر، لائف کوچز، سکسس کوچز، باڈی لینگوِئج ایکسپرٹس، مائنڈ سائنس ایکپسرٹس/سلوا اور این ایل پی ٹرینرز سے ملاقاتیں کیں ان کہ انٹرویوز بھی کیے تاکہ اصل حقیقت عوام کا سامنے لائی جاسکے کہ جو بھی کچھ یہ سب پڑھاتے اور سکھاتے ہیں اس سے کوئی فرق بھی پڑتا ہے یا نہیں۔ ان سب سے ملنے، بات کرنے اور انٹرویوز کرنے کے بعد میں پورے وثوق سے یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ اگر تو ٹرینر، کوچ، مینٹور ٹھیک چن لیا ہے تو بلاشبہ آپ کی زندگی باکمال ہو جائے گی۔

ایک سچا اور قابل موٹیویٹر/ٹرینر واقعی آپ کی ٹریننگ کچھ اس انداز میں کرتا ہے کہ آپ کامیابی کی شاہراہوں پر سرپٹ دوڑنے لگتے ہیں۔ یہ امر بے حد خوشی اور اطمینان کا باعث ہے کہ پاکستان میں ایک دو نہیں، درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں کی تعداد میں ایسے قابل ٹرینر، استاد، موٹیویٹر موجود ہیں جن کو اس فن میں کمال حاصل ہے۔ بس شرط یہ ہے کہ آپ کا انتخاب درست ہونا چاہیے۔ دوستو، ان ملاقاتوں نے جہاں ایک طرف مجھے اس فن/علم کی افادیت کا معترف کیا، وہیں دوسری طرف مجھے دنیا کے سب سے بڑے موٹیویٹر، ٹرینر، لائف اور سکسیس کوچ سے بھی روشناس کروایا۔

قارئین، دنیا کا سب سے بڑا اور بہترین موٹیویٹر، ٹرینر کوئی اور نہیں آپ کی ماں ہے۔ ماں وہ ہستی ہے جس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ماں آپ کے اندر وہ توانائی، اعتماد اور قوت بھر دیتی ہے کہ آپ کسی بھی مقصد کو پا سکتے ہیں۔ بڑے سے بڑا چیلنج، کوئی مشکل، ناکامی آپ کو روک نہیں پاتی اگر آپ اس ”موٹیویٹر“ سے انرجی اور راہنمائی لیتے رہیں۔ ہم میں سے ہر انسان کی زندگی میں ایسا وقت ایک سے زائد بار آتا ہے، جب وہ ٹوٹ جاتابہے، بکھر جاتا ہے، صفر ہو جاتا ہے۔

دنیا کا ہر انسان، ہر رشتہ، ہر تعلق آپ سے لاتعلق ہو جاتا ہے، آپ کی ذات، اور صلاحیتوں پر اعتماد کرنا چھوڑ دیا جاتا ہے۔ آپ حیران رہ جاتے ہیں کہ آپ جن کو اپنا دوست، ہمدرد، ساتھی، اور اپنی زندگی سے تعبیر کر رہے ہوتے ہیں وہ تو دراصل آپ کی نظر کا دھوکا تھا۔ لوگوں۔ کو چھوڑئیے، حتی کہ آپ خود اپنے آپ پر اعتماد کھو دیتے ہیں۔ آپ نے زمانے میں بار بار دیکھا ہو گا کہ اس حالت میں پہنچے لوگ اکثر بکھر جاتے ہیں، پھر کبھی ابھرتے نہیں، ڈوب جاتے ہیں۔

لیکن کچھ لوگ بار بار ابھرتے ہیں، چاہے کتنی بار بھی ڈوب جائیں۔ وہ لوگ کون ہوتے ہیں؟ دوستو، یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جن کی موٹیوٹر ان کی ماں ہوتی ہے۔ وہ ان کو کبھی ڈوبنے نہیں دیتی، مرنے بھی نہیں دیتی۔ اس کی دعا کی تاثیر تو ضرب مثل ہوتی ہی ہے لیکن وہ جو ”دوا“ کرتی ہے اس میں ہر شفاء ہوتی ہے۔ جب ساری دنیا آپ کی مخالفت پر اتر آئے، آپ کو وہ لوگ بھی سمجھانے پر تل جائیں جن کی محلے کا موچی بھی نہ سنتا ہو، جب آپ خود بھی اپنے ہر بھروسا چھوڑ دیں تو کون ہے جو آپ پر بھروسا کرتی ہے؟

آپ کی ماں، آپ کی اصل موٹیویشن، آپ کی ترغیب، وہ آپ کا اعتماد بن کر، زاد راہ بن کر، محبت بن کر، حوصلہ بن کر آپ کے اندر جاگ رہی ہوتی ہے۔ وہ آپ بتا رہی ہوتی ہے کہ یہ تو کچھ بھی نہیں، تم تو اس سے بھی بڑے پہاڑ سر کرنے کے لئے پیدا ہوئے ہو۔ اگر آپ اپنی اصل ٹرینر کی آواز سن پاو، تو یہ نوشتیخہ دیوار ہے کہ دنیا کی ساری طاقتیں مل کر بھی آپ کو ہرا نہیں پائیں گی۔ آپ کو گرا نہیں پائیں گی۔ یہ میرا ذاتی تجربہ ہے۔ اعتبار شرط ہے۔ اپنی دنیا کے سب سے بڑے موٹیوٹر کو پہچانئیے۔ اپنی ماں کو پہچانئیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).