ایم ایم عالم روڈ کے مشہور کیفے پر چھاپہ مار کر شراب پکڑنے والے افسر مسعود وڑائچ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا


لاہور کے ایم ایم عالم روڈ کے مشہور کیفے ایلانتو پر چھاپہ مار کر غیر ملکی شراب کی خرید و فروخت کو بے نقاب کرنے والے ای ٹی او مسعود بشیر وڑائچ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ای ٹی او مسعود وڑائچ نے ایک انٹرویو میں اقرار کیا کہ کیفے میں چھاپہ مارنے کا حکم کمشنر لاہور کی جانب سے دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس چھاپے کے دوران دو اسسٹنٹ کمشنرز کو ایف آئی آر میں گواہ بنایا گیا تھا۔ ادھر محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ چھاپے سے مسعود وڑائچ کو او ایس ڈی بنانے کا کوئی تعلق نہیں، چھاپے سے تین روز پہلے ہی مسعود وڑائچ کو تبدیل کرنے کی سمری بھیجی جا چکی تھی، انہیں کارکردگی خراب ہونے پر ہٹایا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسعود وڑائچ کہتے ہیں کہ چھاپہ کمشنر لاہور آصف بلال لودھی کی ہدایت پر مارا گیا۔ ایکسائز سے لے کر پولیس تک سب اس چھاپے کے خلاف تھے لیکن کمشنر نے زور دیا کہ آج رات ہی چھاپہ مارا جائے۔ مسعود وڑائچ کا کہنا ہے اگر حکم کی تعمیل کے باوجود کمشنر لاہور خوش نہیں ہیں تو میں کیا کر سکتا ہوں۔

بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی رات ایلانتو پر چھاپہ مر کر تیرہ افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ کیفے کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کمشنر لاہور نے ایک رات قبل اس ریسٹورینٹ میں حسب مراتب پذیرائی نہ ملنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).