پی ایس ایل کے آڈٹ میں بڑی بے ضابطگیاں سامنے آ گئیں


پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں ساڑھے 13 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈیٹر جنرل نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو معاملات کی تحقیقات کی سفارش کر دی ہے۔ آڈیٹر جنرل نے پاکستان سپر لیگ کے پہلے دو آڈیشنز کا آڈٹ مکمل کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آڈٹ رپورٹ میں فرنچائزز کی نیلامی غیر منصفانہ طریقے سے کی گئی۔ فرنچائزز کو طے شدہ حصے سے زائد ادائیگیاں کی گئیں اور دوسری طرف فرنچائزز سے مکمل وصولیاں بھی نہ کی جا سکیں۔ آڈیٹر جنرل نے پی ایس ایل میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو دی جانے والی رقم بھی غیر قانونی قرار دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کی تشہیری مہم، نشریاتی حقوق، میڈیا رائٹس اور کیچ اے کروڑ میں لاکھوں ڈالرز کی بے ضابطگیاں ہوئیں۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل ون میں 97 کروڑ 42 لاکھ آمدن اور 90 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے۔ پی ایس ایل ٹو میں 1 ارب 46 کروڑ روپے آمدن اور 1 ارب 6 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے۔یوں مجموعی طور پر پی ایس ایل کے پہلے دو آڈیشنز میں 47 کروڑ کمائی ہوئی۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیاہے کہ فرنچائزز کو شیئر سے 24 کروڑ 86 لاکھ روپے زائد ادائیگیاں کی گئیں۔ فرنچائزز کو 5 کروڑ 44 لاکھ زر تلافی دئیے گئے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے اخراجات کا غلط تخمینہ لگایا گیا۔ لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں ایک کروڑ 88 لاکھ زائد اخراجات آئے۔

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ پی ایس ایل میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو غیر قانونی طور پر سوا کروڑ روپے ادا کئے گئے۔ اسی طرح نشریاتی حقوق کے حوالے سے بھی سو کروڑ ڈالرز سے زائد کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ آڈیٹر جنرل نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو تحقیقات کی سفارش کر دی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).