نیب نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو گرفتار کر لیا


راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کی یہ گرفتاری آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عمل میں آئی ہے۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی تھی۔ خورشید شاہ کے خلاف 7 اگست سے تحقیقات کا آغاز ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کے خلاف ابتدائی تحقیقات میں تمام الزامات ثابت ہوئے، اب گرفتاری کے بعد ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ نیب راولپنڈی اور سکھر کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرکے خورشید شاہ کو گرفتار کیا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ نے ہوٹل، پٹرول پمپس اور بنگلے فرنٹ مین اور بے نامی داروں کے ناموں پر بنائے۔ انہوں نے کوآپریٹو سوسائٹی میں بنگلے کے لئے پلاٹ غیر قانونی طور پر نام کرائے۔ انھیں ریمانڈ کے لئے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا اور راہداری ریمانڈ لے کر خورشید شاہ کو سکھر منتقل کیا جائے گا۔
بشکریہ دنیا۔

Facebook Comments HS