تم بھی سلیکٹڈ، میں بھی سلیکٹڈ


تو تمہیں بھی صرف سندھ کا کتا دِکھا؟ کیا ملک کے کسی اور حصے میں کتے انسانوں کو نہیں کاٹتے؟ تمہیں صرف چانڈکا، سندھ کی نمریتا کیوں دکھائی دے رہی ہے؟ کیا ملک کے کسی اور حصے میں ایسے واقعات نہیں ہوئے؟ تمہیں صرف سندھ کا گھوٹکی کیوں نظرآ رہا ہے؟ کیا ملک کے کسی اور حصے میں اقلیتوں کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا؟ تمہیں صرف کراچی کا اور سندھ کا کچرا ہی کیوں نظر آتا ہے؟ کیا ملک کے کسے اور حصے میں کچرا نہیں ہوتا؟

تمہیں صرف سندھ کی سڑکیں کیوں ٹوٹی نظر آتی ہیں؟ کیا ملک کے کسی اور حصے میں سڑکیں ٹوٹی ہوئی نہیں ہیں کیا؟ تمہیں صرف سندھ کا سرکاری اسکول کیوں نظر آتا ہے؟ کیا ملک کے کسی اور حصے میں سارے سرکاری اسکول ٹھیک کام کر رہے ہیں؟ تمہیں صرف سندھ کی ایمبولینس کیوں نظر آتی ہے؟ کیا ملک کے سارے اسپتالوں میں ایمبولینسز موجود ہیں؟ تمہیں صرف سندھ کے اجاڑ کھیل کے میدان کیوں نظر آتے ہیں؟ کیا ملک کے سارے کھیلوں کے میدان آباد ہیں؟

تمہیں صرف سندھ کی کھٹارا پبلک بسیں کیوں نظر آتی ہیں؟ کیا ملک کے تمام حصوں میں بہترین بسیں چل رہیں ہیں؟ تمہیں صرف تھرپارکر کے مرتے ہوئے بچے کیوں نظر آتے ہیں؟ کیا ملک کے کسی اور حصے میں بچے نہیں مر رہے؟ تمہیں صرف سندھ میں بچوں میں ایڈز کیوں نظر آتا ہے؟ کیا ملک کے کسی اور حصے میں لوگوں کو ایڈز نہیں؟ تمہیں صرف سندھ میں بارش سے مرنے والے لوگ نظر آتے ہیں؟ ملک کے کیا کسی اور حصے میں بارش سے لوگ نہیں مرتے؟

تمہیں صرف سندھ کا شاہ زیب جتوئی کیوں نظر آتا ہے؟ کیا ملک کے دوسرے حصے میں ایسا نہیں ہوتا؟ تمہیں صرف سندھ کا راؤ انوار کیوں نظر آتا ہے؟ کیا ملک کے کسی اور حصے میں پولیس مقابلوں میں لوگ نہیں مرتے؟ تمہیں صرف سندھ کی کرپشن کیوں نظر آتی ہے؟ کیا ملک کے کسی اور حصے میں کرپشن نہیں ہو رہی؟ (صرف یاد دہانی کے لئے ) ۔ وہ کہنا یہ تھا، کہ جناب آصف علی زرداری والد محترم جناب بلاول بھٹو زرداری صاحب نے ملک کے آئین میں اٹھارویں ترمیم کرکے صوبوں کو خودمختاری دے دی تھی، اور صحت، تعلیم، بلدیات، ٹرانسپورٹ، اقلیتوں کا تحفظ، پولیس، اور ان جیسے کئی ادارے صوبوں کے حوالے کر دیے گئے تھے۔

اور ابھی تھوڑے دن پہلے، 15 ستمبر کے جلسے میں بلاول بھٹو زرداری صاحب نے بھی یاد کروانے کی کوشش کی تھی کہ ”صدر زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 1973 کے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 30 سالہ جدوجہد کو کامیاب بنایا۔ 18 ترمیم کے ذریعے عوام کو اپنے وسائل کا مالک بنایا، پارلیمان اور صوبوں کو با اختیار بنایا اور میڈیا کی آزادی کو یقینی بنائی“۔ (ریفرنس میڈیا سیل پی پی پی، ٹویٹ 15 ستمبر، وقت 10 : 46 منٹ) ) لیکن اس کے باوجود اگر آپ یہ سب سوالات سندھ کی صوبائی حکومت سے کر رہے ہیں، تو بلاول، ٹھیک تو کہہ رہا ہے۔

آپ بھی سلیکٹڈ، میڈیا بھی سلیکٹڈ،
میں بھی سلیکٹڈ، تم بھی سلیکٹڈ
اللہ پاکستان کا، سندھ کا، میرا اور آپ کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

راشد محمود خان

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

راشد محمود خان

بلاگر تعلیم کے حوالے سے سافٹ وئیر انجینئر ہیں اور نوجوانوں کی ایک غیرسرکاری تنظیم میں چیف ایگزیکٹیو افسر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

rashid-mehmood-khan has 15 posts and counting.See all posts by rashid-mehmood-khan