امریکہ میں کھڑے ہو کر آسیہ کی بحفاظت رہائی کا دعویٰ کرنے والا کس منہ سے ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے: مولانا عبدالغفور حیدری
جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ عمران حکومت کا جانا ٹھہرگیا ہے۔ قوم مایوسی کا شکار ہے۔ معاشی دیوالیہ پن روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔ کارکن اسلام آباد کے آزادی مارچ کی تیاریاں کریں۔ امریکہ میں کھڑے ہوکر فخر سے کہنے والا کہ میں نے آسیہ کو بحفاظت بری کر دیا اب کس منہ سے مدینہ کی ریاست کی بات کرتا ہے؟ قانون ختم نبوتﷺ میں ترمیم کرنے کی کوششیں دراصل امریکہ کو خوش کرنا ہے۔
لاہور میں تحفظ ختم نبوت ﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی اور سیاسی بحران درپیش ہیں۔ موجودہ حکمران مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ سی پیک جیسے منصوبے کو رول بیک کیا گیا ہے۔ ملک میں تاجر، مزدور، ملازمت پیشہ افراد سمیت ہر طبقہ فکر پریشان ہے۔ اگر اس حکومت کو مزید مہلت دی گئی تو ملک دیوالیہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مذہبی کارڈ کا طعنہ دینے والے امریکہ جاکر اعلان کرتے ہیں کہ ہم نے گستاخ رسول آسیہ ملعونہ کو باعزت بری کر دیا۔ اگر مذہبی معاملات میں مداخلت کی گئی تو بھر پور مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی خواہش پر قانون ختم نبوتﷺ میں ترمیم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ یہ ملک اسلام کے نام پہ بنا ہے۔ مدینہ کی ریاست کا نام لے کر ریاست مدینہ کی تضحیک کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ پن کی طرف جارہا ہے۔ ترقیاتی کام رک چکے ہیں۔ سرمایہ کار ملک سے چلے گئے جبکہ سی پیک جیسے اہم منصوبے پہ کام روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اسلام آباد آزادی مارچ کی تیاریاں تیز کر دیں۔


