بہت سے ممالک کے سربراہ مجھ سے ملنا چاہتے تھے لیکن میں نے عمران خان کا انتخاب کیا: ڈونلڈ ٹرمپ


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سے ممالک کے سربراہ ان سے ملنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے عمران خان کا انتخاب کیا۔

ڈونلڈ ترمپ نے وزیراعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عمران خان کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی۔ عمران خان اچھے لیڈر اور دوست ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے عظیم لیڈر ہیں اور وہ خطے کی ترقی چاہتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ کئی معاملات پر بات چیت جاری ہے۔ پاکستان سے تجارت کا حجم بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان اور عمران خان پر اعتماد ہے۔ عمران خان بہترین وزیراعظم ہیں۔ پاکستان کے پاس ایک عظیم رہنما ہے جو اچھا کھلاڑی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ کل بھارتی وزیراعظم نے بہت جارحانہ زبان استعمال کی۔ پاکستان تیار ہے لیکن دوسری طرف بھی ثالثی کی پیشکش قبول کرے تو تب ہی میں ثالثی کروا سکتا ہوں۔

اس ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ روز ہوسٹن جلسے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کافی جارحانہ زبان کا استعمال کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کروانے کی پیش کش کی۔ تاہم اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پاکستان تو امریکا کی ثالثی کے لئے تیار ہے۔ لیکن بھارت اس سے انکار کر رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ مجھ سے پہلے امریکی قیادت نے پاکستان سے اچھا سلوک نہیں کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).