سنگین غداری کیس: ملزم پرویز مشرف کے وکیل کو سخت سرزنش
خصوصی عدالت میں پرویزمشرف سنگین غداری کیس کی سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے سابق صدر کے وکیل سے کہا کہ وکیل صاحب 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کی سٹیج گزر چکی ہے۔ اب مہلت نہیں ملے گی، اس کے بعد سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خصوصی عدالت میں پرویز مشرف سنگین غداری کیس کی سماعت ہوئی جس دوران سابق صدر کے وکیل نے کہا کہ گزشتہ سماعت کے بعد سارا ریکارڈ حاصل کیا۔ دو درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ رضا بشیر ایڈوکیٹ نے کہا کہ 342 کے بیان سے پہلے ملزم پرویز مشرف سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے۔ عدالت وزارت قانون کو ملزم پرویز مشرف سے ملاقات کے انتظامات کرنے کا حکم دے۔ ملزم پرویز مشرف سے ملاقات کے بعد ویڈیو لنک یا سکائپ سے بیان ریکارڈ کا بتا سکوں گا۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وکیل صاحب 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کی سٹیج گزر چکی ہے۔ آپ کو عدالتی معاونت کے لئے مقرر کیا کیونکہ ملزم پرویز مشرف پیش نہیں ہو رہا۔ آپ نے آج کیوں درخواست دی؟ آپ کو تو تیاری کے لئے ایک ماہ دیا گیا تھا۔ وکیل نے کہا کہ میرا تعلق لاہور سے ہے اس لیے درخواست آج یہاں پہنچ کر دی۔
عدالت نے کہا کہ آپ کہیں سے بھی ہوں، آپ کو التوا نہیں ملے گا۔ سپریم کورٹ بھی کہہ چکی کہ بیان ریکارڈ کروانے کا وقت گزر چکا۔ اس پر ملزم پرویز مشرف وکیل کا کہناتھا کہ مجھے موقع نہیں دیں گے تو میں کیس سے الگ ہو جاﺅں گا۔ آپ نے پہلے بھی وکلا کو مواقع دیئے، مجھے بھی دیں۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی کوئی درخواست نہیں آئی اور آتی بھی تو مسترد کرتے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ آپ حتمی دلائل کا آغاز کریں۔ آپ کا رویہ عدالت کے ساتھ مناسب نہیں ہے۔ آپ کیوں کہہ رہے ہیں کہ عدالت موقع نہیں دے رہی۔ وکیل نے کہا کہ کورٹ میں درخواست دینے پر معافی مانگتا ہوں۔ جسٹس نذر اکبر نے کہا کہ کورٹ سے بطور وکیل معافی نہیں مانگتے، اچھا رویہ اپناتے ہیں۔ ہم آرڈر میں لکھ دیں گے کہ آپ دلائل نہیں دے رہے۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔


