داروغے : انتہاؤں کا شکار بچے اور ان کا مستقبل


بچپن عمر کا ایک ایسا حصہ جو ایک تو آئندہ کے (اگر عمر سے مہلت ملتی رہے ) پچاس، ساٹھ سالوں کا پاتھ فائینڈر ہے بلکہ ایک ایسا کھلونا ہے جسے اپنی ازلی تنہائی کے آخری ایام میں جب اس کی لو پھڑ پھڑاتی ہے بجھنے سے ذرا پہلے، کا بہترین مصرف بھی۔ ناستلجیا کے شکار/عادی لوگوں کے ان سالوں میں گزر بسر بچپن کی یادوں پر منحصر ہوتا اور روشن تازہ اور کلر فل یادیں اسے کچھ انجوائے ایبل بنا سکتی ہیں۔

سکول گاون سے کوئی ایک کلو میٹر دور تھا اور راستے میں ریت کے ٹیلے، کنویں سے سیراب ہوتا ایک کھیت اور سہاگہ جس کا مقصد کوئی 14 سال بعد جا کر سمجھ آیا۔

کوئی ایک آدھ سرما کا موسم ایسا یاد ہے جہاں سکول جس کی کوئی دیوار نہیں تھی اور اسمبلی دیکھ کر بھاگ کر پہنچ جانے والے کچھ بچت سے رہتے اور باقی کے ہم جیسے جنہیں رستے میں کنویں کا پانی پینے، کسان سے گالیاں کھانے اور گھڑی سے (جو کہ ایک سٹک تھی، جس کا سایہ وقت بتا سکتا تھا ) وقت دیکھ کر اتنا ہی اندازہ لگا سکتے تھے کہ آج کچھ لیٹ ہیں۔

اپنا ایک کھاد کا خالی بیگ ساتھ لے جاتے کہ یہ اس ریت سے اٹے درخت کے سائے میں لگے سکول کا قالین تھا اور فرنیچر بھی۔

اس سارے عرصے میں کچھ بھی ایسا نہیں جو قابل یاد ہو، درخت پر بیٹھے نشانہ کرتے کوے، 6 ماہ سال بعد صاحبوں کی آمد پر ویلکم میں اڑتے کبوتر جو قلابازی کھا لیتے، راں پٹی ہک دی کا شور، bullying، اور استاد کا احترام /خوف۔

(آج بھی سرکاری سکول کے بچے احترام اور خوف میں تمیز نہیں کر سکتے اور یہی احترام انہیں یونیورسٹیوں تک اپنے پروفیسرز سے ملنے جلنے سے روکتا، کلاس نہ ہونے کی بھر پور مسرت سے نوازتا، پبلک پلیسز میں ان ایزی رکھتا، اور انٹرویو میں پسینے کے مسام کی کارکردگی بہتر کرتا اور باس سے کم سے کم رابطہ والی ٹوٹی ہوئی کرسی پر ایک کونے میں پڑے زندگی کے پنوں پر کراس لگا کر دن گزارنے میں مدد دیتا ) ۔

گھروں میں بھی سر جھکائے آنکھ نہ اٹھانے والے زپ کی ایموجی والے بچے مودب اور فرمانبردار اور اپنے سر جھکا کر استاد کا سر فخر سے بلند کرتے نظر آتے اور استاد بھی آپ کی آخرت سے اس سے سنوار لیتے۔

دوسرا ایجوکیشن جو پسماندہ ضلعوں کی گمنام تحصیلوں میں ہوتا۔ ضدی، گھر سے بھاگنے والے جھگڑالو اور کند ذہن جنہیں استاد کی نیم جاگی نیم سوئی ہوئی آواز سمجھ نہیں آتی انہیں مدارس بھیج دیا جاتا۔

مدارس بورڈنگ سسٹم کے تحت کام کرتے، وھاں سینئر اور بڑی عمر کے لڑکوں کو وہی پریویلیج حاصل ہوتا جو تیرے نام کے سلمان خان کو اپنے کالج میں حاصل تھا۔

آپ کی کریڈیبیلیٹی ان کی بیان کردہ acr پر منحصر ہوتی اور آپ کے کھانے خوراک اور سبق پہ ملنے والی سزا بھی اور جتنا گڑ اتنا میٹھا والا کہاوت وہاں روزانہ کہ بنیاد پر دہرائی جاتی۔ تب سیل فون کی بھر مار نہیں تھی اور تصاویری ثبوت کی بجائے زبانی کلامی کہانیوں پر اکتفا کیا جاتا۔ اس جنسی شخصی استحصال اور فروغ علم کے اندر طریقے جو شاید افریقہ میں بھی کہیں استعمال ہوتا ہو، یار لوگوں نے افادیت اور فضائل بھی کہیں سے گھڑے ہوئے اور یہاں بھی جہنم کی آگ ہی حرام قرار پائی۔

انہیں وہ سب بچے جو ان سے بھاگ گئے یا کسی سکول میں انگریزی تعلیم لیتے پائے گئے کے حق میں دعائے احسن کی نصیحت کی جاتی۔

بڑے شہروں میں البتہ ایک اور نظام تعلیم بھی تھا جہاں ہر وہ چیز تھی جو ایک شخص کو چاہیے ہوتی لیکن کچھ چیزوں کی یہاں بھی بہتات تھی جو ایک معاشرے کو چاہیے ہوتی۔

یہاں ایک پیور سٹیل کے راڈ ملتے جو کلف لگی شرٹ سے چپکتی گردن کو سیدھا رکھنے سے مخالف کے سر میں مارنے تک۔ یہاں ایک لفظ جو داخلے کے وقت ہی ذہن سیکھ لیتا وہ ہے ”bloody“ اس سے آگے حسب ضرورت آپ لفظ لگا کر جملہ مکمل کر سکتے۔

کہیں یہ تینوں نظام تعلیم ایک ہی محلے اور ایک ہی گلی میں ہوتے۔ ایک یونیفارم میں ڈرائیور چھوٹے بابو کا ویٹ کرتے، دوسری طرف خود سے گھر سے سکول سے زندگی سے تنگ بچے بستہ گھسیٹتے ان گاڑیوں کو چھو کر دیکھنے کی خواہش لئے خراماں خراماں چلتے جنہیں گھر سے سکول، سکول سے دکان، دکان سے گلی، اٹھتے، بیٹھتے پڑھتے کھیلتے مار اور گالی ملتی۔

مدارس کے طلبہ حرام کی کمائی اور یہودیوں کے مشن کو آگے بڑھاتے بھٹکے والدین کے بچوں کے حق میں دعا کرتے، کبھی انہیں تصور میں جہنم میں جلتا ہوا دیکھ کر مطمئن بیٹھتے اور کبھی آگے بڑھ کر زندگی اور جہنم کا دروازہ ایک ساتھ بند کردیتے۔

اور ان لکیر کے فقیر پتھر کے زمانے میں رہتے لوگوں کے لئے جہنم سے کوئی انتظامی عہدیدار، کوئی پالیسی میکر ان کی جنت جاتے سیدھے رستوں پر سگنل، زیبرا کراسنگ یا ہرڈلز کریٹ کر دیتا کہ یہی اسی سکھایا گیا تھا۔

ان دو انتہاؤں میں وہ زیادہ پستے جسے دین و دنیا دونوں عزیز اور ایک دوسرے کو موجودہ اور آئندہ جہنم میں دیکھتے ایک ہی وقت میں جب کبھی عید جمع یا کسی ایسے اجتماع میں دیکھتے تو ناک پر رومال رکھتے کف افسوس بار بار ملتے اس لمحے کے جلدی بیتنے کی دعا کرتے اور یوں ایک اور ”قوم“ جنت جہنم کا چارج سنبھال کر نئی کمک کے ساتھ سرو کرنے کو میدان عمل میں پہلا قدم رکھتی۔ کہانی پلس مائنس کے ساتھ اسی سرکل سے پھر گزرنا شروع ہوتی۔