لاہور میں اعلیٰ تعلیم یافتہ بہن کو برہنہ حالت میں قید رکھنے والے دو بھائی گرفتار
لاہور میں ملت پارک کے علاقے میں دو بھائیوں کی جانب سے اپنی سگی بہن کو گھر پر قید رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق بھائیوں کی قید سے بازیاب ہونے والی 25 سالہ بہن روشن آراء اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے جس نے ایم ایس سی کر رکھی ہے۔ اس کے بھائیوں نے اس پر جادو ٹُونا ہونے کا بہانہ بنا کر اسے گھر پر ہی قید کر رکھا تھا۔ جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس نے گھر پر چھاپہ مار کر مظلوم لڑکی روشن آراء کو بھائیوں کی قید سے چھُڑوا لیا۔
دونوں بھائیوں عامر اور مکرم کو حراست میں لے کر اپنی بہن کو حبس بے جا میں رکھنے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ایک ہمسایہ عبدالرحمن کے بیان پر درج کیا گیا۔ جس نے پولیس کو اس واقعے کی اطلاع دی تھی۔ مقدمے کے مُدعی عبدالرحمن نے بتایا کہ دونوں بھائیوں نے اپنی بہن کو جادو ٹونے کا شکار ظاہر کر کے اسے گھر کے ایک کمرے میں برہنہ حالت میں قید کر کے رکھا ہوا تھا، ہمسایوں کو اکثر 25 سالہ لڑکی کی چیخ و پُکار بھی سُنائی دیتی تھی۔
اہل محلہ کے مطابق ملزمان اس سے قبل بھی اپنی ایک بہن کو قتل کر چکے ہیں۔ دونوں بھائیوں کا محلے میں کسی کے ساتھ میل جول بھی نہیں تھا۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).