تنخواہ پر ماں اور بیوی میں جنگ


شادی کے بعد خاوند کی پہلی پہلی تنخواہ آتی ہے۔ شوہر ہنسی خوشی لفافہ لیے بیوی کے پاس دوڑا چلا آتا ہے۔ بیڈ پر اس کو اپنے سامنے بٹھاتا ہے۔ وہ حسرت بھری نگاہوں سے دیکھنے لگتی ہے۔ خاوند کو نہیں لفافے کو! شوہر پیسے باہر نکالتا ہے۔ ایک، دو، تین، چار، پانچ۔ بیگم یہ پانچ ہزار آپ کے اور پانچ ہزار میرے۔ باقی پیسے لفافے میں واپس ڈالتا ہے اور خوش ہو کر کہتا ہے یہ پیسے امی کے۔ انہوں نے گھر چلانا ہے۔ پس منظر میں بجتی موسیقی اچانک سے بدل جاتی ہے۔ ساتھ ہی بیوی کے تیور بھی۔ تم کیا پاگل ہورہے ہو۔ میں پانچ ہزار میں گزارا کروں گی؟ بیوی کو غصہ ہوتے دیکھ وہ لفافے میں ہاتھ ڈالتا ہے۔ اچھا تم غصہ نہ ہو، یہ لو تین ہزار روپے اور لے لو۔

یہ آپ کو کیا ہوگیا ہے، بالکل بھی عقل نہیں ہے۔ ادھر لائیں۔ بیوی جھٹ سے پیسوں سے بھرا لفافہ خاوند کے ہاتھوں سے اچک لیتی ہے۔ خوشی خوشی ساری رقم کو گنتی ہے۔ پس منظر میں بجتی موسیقی مزید شدت اختیار کرجاتی ہے۔ اب وہ اپنے اور خاوند کے حصے کے پیسے لفافے میں ڈالتی ہے۔ یہ دے دیں آپ امی جان کو۔ خاوند کی کمائی پر بیوی کا حق ہوتا ہے۔ ویسے بھی میرے آنے کے بعد یہ آپ کی پہلی تنخواہ ہے۔ ہم شاپنگ پر چلیں گے اور ڈنر بھی کریں گے۔ بیوی مسکراتے ہوئے چلی جاتی ہے۔ خاوند انتہائی پریشانی کے عالم میں سرجھکائے بیٹھا رہ جاتا ہے۔

ٹی وی پر نشر ہونے والا یہ ڈرامہ ایک ماں بھی دیکھ رہی ہے۔ ماں جسے ساس بھی بننا ہے۔ وہ ساس جو کبھی بہو بھی تھی۔ ہر بدلتے سین کے ساتھ ماں کے چہرے پر تاثرات بھی بدل رہے ہیں۔ وہ بے حد جذباتی اور ذہنی تناؤ کا شکار بھی دکھائی دے رہی ہیں۔ ہر تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد زیر لب کچھ بڑبڑاتی بھی ہے۔ گمان یہی گزرتا ہے کہ بیوی کی حرکت پر تبصرہ کررہی ہو۔ آج کل کی لڑکیاں بڑوں کی ذرا عزت نہیں کرتیں، پیسے لے لیے وغیرہ وغیرہ۔

وطن میں بہت سے افراد کی شادی ہونی ہے۔ جوکہ ہوگئی تو پھر شادی کے بعدپہلی تنخواہ بھی آئے گی۔ ایسے میں اگر تنخواہ پر بیوی نے اپنا حق جمایا تو شوہر کیا کرے گا؟ اگر بیوی نے ایسا نہ بھی کیا تب بھی جیب خرچ تو بیوی کو دینا ہی ہوگا۔ وہ دیا تو والدہ کو جو پیسے دینے ہوں گے ان میں کمی ہوجائے گی۔ ایسا ہوا تو بیگم اور والدہ کا کیا ردعمل ہوگا؟ خاص کرکے جب ماں نے اس قسم کے بہت سے سین مختلف ڈراموں میں نہ صرف دیکھ رکھے ہوں گے بلکہ ان پر تبصرہ بھی فرمایا ہوگا۔ اس طرح کے بہت سے ڈرامے جو ساس کی یادداشت کا حصہ ہوں گے اگر زندگی کے کسی بھی حصے میں انہوں نے دہرانے شروع کردیے۔ یا ان کو بہو میں کسی ڈرامے کی کوئی سازشی اور چالاک لڑکی نظر آنے لگی تو کیا ہوگا؟

آخر بیوی اور ماں کی جنگ میں فتح تو پھر کسی ایک کی ہوگی؟ یا تو بیٹا جیت جائے گا یا پھر شوہر! ایسے میں ہار کس کی ہوگی؟ ایک عورت کی۔ کس کے ہاتھوں؟ دوسری عورت کے ہاتھوں! برباد کون ہوگا؟ دو خاندان۔

Facebook Comments HS