عمران خان کی امریکا سے واپسی کا شیڈول تبدیل، پاکستان واپسی سے قبل سعودی عرب جائیں گے


وزیراعظم عمران خان کا امریکا سے واپسی کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب وہ پاکستان واپسی سے قبل سعودی عرب جائیں گے، عمران خان سعودی ولی عہد کے طیارے میں ہی جدہ پہنچیں گے، سعودی قیادت کو دورہ امریکا سے متعلق اعتماد میں لینے کے بعد کل کمرشل پرواز کے ذریعے پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں موجود وزیراعظم عمران خان نے پاکستان واپسی کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اب امریکا سے سیدھا پاکستان واپس آنے کی بجائے سعودی عرب جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے فراہم کیے گئے ان کے خصوصی طیارے پر آج شب امریکا سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچیں گے جہاں وہ سعودی ولی عہد سے خصوصی ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو اپنے دورہ امریکا سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ بعد ازاں وزیراعظم کل کمرشل پرواز کے ذریعے جدہ سے پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کو لانے والے طیارے میں فنی خرابی کے باعث وزیر اعظم واپس نیویارک چلے گئے تھے۔ فنی خرابی کے باعث طیارے کو جمعے کی رات واپس نیویارک ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا تھا۔

سعودی حکومت کی جانب سے وزیراعظم کو فراہم کیے جانے والے خصوصی طیارے نے جمعے کی شام نیویارک کے جان ایف کینڈی ایئرپورٹ سے پرواز بھری تاہم پرواز کے دو گھنٹے بعد طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی جنہوں نے قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کو الوداع کیا تھا طیارے میں فنی خرابی کے باعث واپس ایئرپورٹ پہنچ گئیں۔

وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کی قیادت کررہے تھے۔ نیویارک ایئرپورٹ واپسی پر انہوں نے ایئرپورٹ پر کچھ دیر قیام کیا تاکہ فنی خرابی کو دورکیا جاسکے تاہم اس کے لیے زیادہ وقت درکار تھا۔ طیارے کی مرمت کا کام ہفتے کی صبح تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ادھر ملیحہ لودھی وزیراعظم کو لے کر روز ویلٹ ہوٹل پہنچ گئیں جہاں انہوں نے اپنے سات روزہ تاریخی دورہ امریکہ کے دوران قیام کیا تھا۔

حکام نے کہا ہے کہ اگر صبح تک طیارے کی فنی خرابی دور نہ کی جا سکی تو وزیراعظم پاکستان واپسی کیلئے کمرشل فلائٹ پر سفر کریں گے کیونکہ وہ وطن واپس آکر زلزلے سے متاثرہ علاقوں اورخاندانوں سے ملاقات کے لیے بے چین ہیں۔ نیویارک کے اپنے دورہ’’مشن کشمیر‘‘ کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی 193 رکنی اسمبلی سے خطاب کیا، اس کے علاوہ انہوں نے اقوام متحدہ کے متعدد اجلاسوں میں شرکت، کئی عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران وزیراعظم نے کئی تھنک ٹینکس سے خطاب کیا اور عالمی میڈیا کو کئی انٹرویوز بھی دیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).