بشریٰ بیگم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے دورے کی کامیابی کے لیے بہت زیادہ دعائیں کیں: وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے وطن واپس پہنچتے ہی بشریٰ بی بی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اقواممِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان امریکہ سے سعودی عرب گئے اور وہاں مختصر قیام کے بعد پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ کارکنان کی بڑی تعداد ان کا استقبال کرنے کے لیے موجود ہے جہاں وزیراعظم عمران خان ان سے خطاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں کے لیے دعائیں کرنے پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں بشریٰ بیگم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ انہوں نے اس دورے کی کامیابی کے لیے بہت زیادہ دعائیں کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کے لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، جب تک آپ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیری جدوجہد کرتے رہیں گے، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ ناامید نہیں ہونا، ہم بھارت کے چہرے کو پوری دنیا میں ہر فورم پر بے نقاب کریں گے۔ انشاء اللہ کشمیر آزاد ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 80 لاکھ افراد کو بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا کر بند کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد میں اونچ نیچ ہوتی ہے لیکن کشمیری آزاد ضرور ہوں گے، اچھا وقت آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش انسان کرتا ہے اور کامیابی اللہ دیتا ہے۔

وزیراعظم امریکہ سے سعودی عرب پہنچے تھے اور وہاں مختصر قیام کے بعد اب پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان، رہنماؤں اور وفاقی وزراء نے وزیراعظم کا ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا جس کے بعد انہوں نے خطاب کیا اور ساری قوم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم امریکہ سعودی ولی عہد کے خصوصی طیارے پر گئے تھے لیکن واپسی پر طیارے میں خرابی کے باعث انہیں کمرشل فلائٹ سے واپس آنا پڑا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).