حکومت نے بجلی  1 روپیہ 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی


نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فی یونٹ بجلی 1 روپے 66 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے مہنگائی کے مارے صارفین پر بجلی گرا دی۔ نیپرا کی جانب سے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت دی گئی ہے جس سے صارفین پر 22 ارب 60 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 1 روپے 87 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست دی تھی جس پر آج سماعت کرتے ہوئے نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ سنایا۔ سینٹرل پاور چیزنگ ایجنسی کی طرف سے نیپرا کو دی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ اگست میں 14 ارب یونٹ سے زیادہ بجلی پیدا کی گئی، جس پر 67 ارب 90 کروڑ روپے لاگت آئی۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگست کے لیے فی یونٹ بجلی پیداوار پر فیول لاگت کا تخمینہ 3 روپے 20 پیسے لگایا گیا تھا جو 5 روپے 7 پیسے رہا۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی یہ بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کیلئے تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں 53 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کی خبر بھی سامنے آئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).