رویت ہلال کمیٹی ماہ صفر کا چاند غلط بتانے پر معافی مانگے: فواد چوہدری


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی سے صفر کے مہینے کی غلط اطلاع دینے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ صفر کے مہینے کے لیے تصاویر جاری کی ہیں جس سے چاند کی شہادت دیکھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے رویت ہلال کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 80 برس کے بابوں کی بجائے نوجوانوں کو چاند دیکھنا چاہیے۔ ہم 80 کی دہائی سے اس معاملے پر پھنسے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ میں منسٹری میں اصلاحات لے کر آیا ہوں، نیا اسلامی کیلنڈر جاری کیا ، مشین سے چاند نہیں دیکھ سکتے تو پھر عینک سے بھی چاند نہیں دیکھا جاسکتا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عقل اور شعور رکھنے والا طبقہ بات سمجھ سکتا ہے جبکہ ملک میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جس سے بات ہی نہیں کی جا سکتی۔

واضح رہے کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر یکم صفر کی تاریخ 30 ستمبر بتائی گئی تھی جب کہ رویت ہلال کمیٹی نے یکم اکتوبر سے ماہ صفر کے آغاز کا اعلان کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).