نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو ایک ارب روپیہ دیا: شفقت محمود
وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ نوازشریف نے مولانافضل الرحمان کو ایک ارب روپیہ دیا ہے۔ سننے میں آیا ہے کہ یہ پیسے کی گیم بھی بن رہی ہے۔ مولانا کے پاس تو اتنے پیسے نہیں ہیں لیکن نوازشریف اوربلاول بھٹو نے بھی بڑے پیسے دیے ہیں۔
وزیرتعلیم شفقت محمود نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پیسا بڑا اکٹھا کر لیا ہے۔ یہ بھی سنا ہے کہ نوازشریف نے بڑے پیسے دیے ہیں، بلاول بھٹو نے بھی بڑے پیسے دیے ہیں، کیونکہ ان کے اپنے پاس تو پیسے اتنے ہے نہیں۔ مجھے یہ سننے میں آیا ہے کہ یہ پیسے کی گیم بھی بن رہی ہے۔ تحریک تو اپنی جگہ پر ہے لیکن یہ پیسے کا مسئلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ مختلف اعداد بتائے جا رہے ہیں کہ کوئی کہتا ہے نوازشریف نے ایک ارب روپیہ دیا ہے۔ بہرحال یہ تحقیقات کی باتیں ہیں۔
لیکن میں ان کو بطور وزیر تعلیم یہی کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ مدارس کو تعلیمی ادارے کہتے ہیں تو پھر ان بچوں کو سڑکوں پر مت نکالیں، ان کا تعلیمی مستقبل خراب نہیں ہونا چاہیے۔


