کسی کے کہنے پر کوئی ماں کا لعل اس حکومت کو نہیں گرا سکتا: وزیر داخلہ اعجاز شاہ


وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کسی کے کہنے پر کوئی ماں کا لعل اس حکومت کو نہیں گرا سکتا ہے ، بلیو ایریا میں دفعہ 144 نافذ ہے، سمجھتا ہوں مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کو نہیں آئیں گے، ان کے اسلام آباد آنے کا وقت ٹھیک نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز شاہ نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی حکومت کو عوام لے کر آئی۔ جب تک عوام کا اعتماد ہے، حکومت کو کوئی نہیں نکال سکتا۔ جب تک حکومت کی ڈلیوری ٹھیک رہے گی، اسے ستوں خیراں ہے۔ کسی کے کہنے پر کوئی ماں کا لعل اس حکومت کو نہیں گرا سکتا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مدارس کے طلبہ ڈاکٹر، انجینئر دیگر شعبے اختیار کر سکیں گے، مدارس کا نصاب تبدیل نہیں کیا، صرف وہ کتابیں شامل کیں جس سے طالب علم وکیل اور ڈاکٹر بن سکیں، حکومت چاہتی ہے مدرسے کا طالب علم صرف امام مسجد نہیں ہر ملازمت کے لیے اہل ہو، نہ کوئی مدارس کو چھیڑ رہاہے اور نہ مدارس کے نصاب کو چھیڑ رہاہے۔

اعجاز شاہ نے مزید کہاکہ عمران خان اسلام آباد آئے تو وہ وقت اور تھا، صحیح وقت پر غلط کام بھی چل جاتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد آنے کا وقت ٹھیک نہیں ہے، یہ جو اسلام آباد آ رہے ہیں، ملک کے خلاف آ رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).