خواہش ہے کہ میں بھی چینی صدر کی طرح 500 کرپٹ سیاست دانوں کو جیل میں ڈال دوں: عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری بھی خواہش ہے کہ چینی صدر کی طرح 500 کرپٹ افراد کو جیل میں ڈال دوں۔ چین نے 7 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا جو کہ قابل تعریف ہے۔ پاکستان چین سے سیکھ رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مزید چینی سرمایہ کار پاکستان میں آکر کام کریں۔ 60 فیصد پاکستانی تیس برس کی عمر سے کم ہیں جو متحرک لیبر فورس بن سکتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے عالمی تجارت کے فروغ کیلئے قائم چینی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 60 کی دہائی میں ایک وقت تھا جب پاکستان ایشیا میں سے زیادہ تیزی کے ساتھ ترقی کرنے والا ملک تھا۔ ذاتی طور پر مجھے چین کی چیز جو متاثر کرتی ہے وہ یہ ہے کہ چین نے 7 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ یہ ایک ایسی مثال ہے جس سے پوری دنیا کو سیکھنا چاہیے۔ چین دنیا کی تیز رفتار سے ترقی کرتی ہوئی معیشت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے اور ہم بھی سیکھ رہے ہیں، موجود وقت چین سے سیکھنے کا ہے، چین کا غربت پر قابو پانا قابل تقلید عمل ہے ۔ان کا کہناتھا کہ چین کے کرپشن کے خلاف اقدامات نہایت متاثر کن ہیں۔ صدر شی پنگ کرپشن کے خلاف کڑی مہم چلا رہے ہیں، کرپشن ملکوں کی ترقی میں رکاوٹ بنتی ہے۔ چینی صدر نے چار سو وزیروں کو کرپشن کے الزامات میں جیلوں میں ڈالا، خواہش ہے کہ چینی صدر کی طرح میں بھی پانچ سو کرپٹ لوگوں کو جیل میں ڈال دوں۔ چینی صدر کے اقدام سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے، پاکستان میں کرپشن پر قابو پانے کیلئے کچھ وقت لگے گا۔

ان کا کہناتھا کہ سی پیک پراجیکٹس میں کئی وزارتوں میں عمل دخل کے باعث سی پیک اتھارٹی بنائی ہے۔ پاکستان دنیا میں بہت سٹریٹجک مقام پر واقع ہے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).