عمران خان کی چھٹی ہوئی تو کون آئے گا؟ صدارتی نظام وفاق پاکستان کے لئے زہر قاتل ہے: عارف نظامی


سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ عمران خان کی چھٹی ہوئی تو شہبازشریف بھی نہیں آئے گا۔ شہبازشریف نے ایک لائن لی ہوئی ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہیں لیکن وہ پھر بھی نہیں آئیں گے۔ پھر کون آئے گا؟ 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کی باتیں بھی ہو رہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ پارلیمانی نظام فراڈ ہے۔ صدارتی نظام کا تجربہ کرنے والی لابی بھی متحرک ہو چکی ہے لیکن صدارتی نظام فیڈریشن کیلئے زہر قاتل ہے۔

عارف نظامی نے نجی ٹی وی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف میاں نوازشریف کی لائن سے اتفاق نہیں کرتے لیکن شہبازشریف کی سیاست میاں نوازشریف کے بغیر کچھ نہیں۔ نوازشریف نے مریم نواز کو اپنا سیاسی جانشین مقرر کر دیا ہے۔ پارٹی نواز شریف کے ساتھ ہے۔ شہبازشریف انتظامی ذمہ داری ادا کرسکتے ہیں لیکن شہبازشریف ایسی لکڑی ہیں جس سے کرنٹ نہیں گزر سکتا۔ نوازشریف کرشماتی شخصیت ہیں ان کے ساتھ لوگ چلتے ہیں۔

عارف نظامی نے کہا کہ شہبازشریف کی کمر میں درد اس وقت ہوتا ہے جب سیاسی وقت ہوتا ہے۔ اللہ ان کو صحت دے لیکن شہباز شریف نے ایک لائن لی ہوئی ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہیں لیکن ان کو یہ نہیں پتا کہ اگر عمران خان کی چھٹی ہوئی تو اسٹیبلسمنٹ نے شہبازشریف کو نہیں لے کرآنا۔ آئے گا کون؟ یہ بڑا ایک سوال ہے۔

18ویں ترمیم اور پارلیمانی نظام پر تنقید ہر رہی ہے۔ آرڈیننس کے ذریعے حکومت چلائی جا رہی ہے۔ صدارتی نظام کی حامی لابی متحرک ہو چکی ہے۔ صدارتی نظام فیڈریشن کیلئے زہر قاتل ہے۔عارف نظامی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو معلوم ہے اگر وہ کسی اور جگہ سے نکلیں گے تو گرفتار کرلیا جائے گا۔ اس لیے وہ سکھر سے نکلیں گے۔ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ دریائے سندھ عبور کریں گے، کشتیوں کی ریہرسل بھی ہو رہی ہے، یہ تو کوئی نیا ایڈونچر ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).