جولائی 2018ء میں مولانا فضل الرحمان کی بات میں وزن تھا، ہم نے ان کا موقف نہ مان کے غلطی کی: نواز شریف


سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی پوری طرح حمایت کرتے ہیں۔ کمرہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ مولانا نے الیکشن کے فوری بعد اسمبلیوں سے استعفے دینے کا کہا اور ہمیں احتجاج کرنے کا کہا۔ ان کی بات میں وزن تھا اور میں سمجھتا ہوں کہ ان کی بات کو رد کرنا ہماری غلطی تھی۔ شہباز شریف کو خط لکھا ہے سب کچھ لکھ کر بھیجا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میں ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی وجہ سے آج اس جگہ موجود ہوں۔ دنیا میں عزت کمانے کے لئے ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔ پاکستانیوں کے حقوق کے لئے ہمیں ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔ ووٹ کو عزت دو پر پہلے بھی ڈٹا تھا، اب بھی ڈٹا ہوا ہوں۔ جو قومیں ترقی کرتی ہیں وہ اصولوں سے نہیں ہٹتیں۔

نواز شریف نے گفتگو کے دوران شعر بھی سنایا: ‘جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا’۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہمارا سر کوئی نہیں جھکا سکتا، ان ہتھکنڈوں سے نہیں گھبرائیں گے۔ شہباز شریف کو کل تحریری طور پر ہدایت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم کو 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا ہے۔ نواز شریف کو نیب حکام نے چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیش کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).