سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان کے دوران ہوٹل میں قید رہی، آزادانہ گھومنے پھرنے کا کوئی موقع نہیں تھا: سری لنکن کرکٹ بورڈ


وطن واپس پہنچتے ہی سری لنکن ٹیم کے ذمہ دار عہدے داروں نے ایسا موقف اختیار کیا ہے جس کے باعث ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان آمد پر بھی شک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا کا کہنا ہے کہ ٹیم دورہ پاکستان کے دوران ہوٹل میں مقید رہی اور آزادانہ گھومنے پھرنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ٹیم اپنے ٹور کے دوران ہوٹل میں مقید رہی، آزادنہ گھومنے پھرنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔ پاکستان میں میچز کے دوران کھلاڑی اپنے بیوی بچوں کے بغیر رہے، میں خود بھی تین چار روز تک کرکٹرز کے ساتھ رہا اور اکتاہٹ کا شکار ہو گیا۔ ان حالات کے باوجود پلیئرز ایک ٹیم کے طور پر کھیلے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے سے قبل کھلاڑیوں اور معاون سٹاف سے بات کرنا ہوگی، یہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم میچ ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ٹیم اچھی کارکردگی پیش کرے۔ تاہم سخت سیکیورٹی کے ماحول میں فیملیز کے بغیر رہنے والے کھلاڑیوں کی پرفارمنس متاثر ہوسکتی ہے، ٹیسٹ سیریز کیلئے جانے سے قبل ازسر نو جائزہ لیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).