امریکہ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کر دیا


امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کر دیا ہے۔ امریکہ نے حالیہ برسوں میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکنے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

ایکسپریس ٹربیون کے مطابق یہ بات امریکہ کی قائم مقام نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز نے امریکی محکمہ خارجہ کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے کہی۔ ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ ”پاکستان نے لشکرطیبہ کے چار رہنماﺅں کو گرفتار کر لیا ہے اور ہم اس اقدام کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ لشکرطیبہ کے حملوں کا نشانہ بننے والے افراد کا حق ہے کہ وہ حافظ سعید سمیت ان لوگوں کو عدالتوں کا سامنا کرتے دیکھیں۔“

اگلی ٹویٹ میں ایلس ویلز نے کہا کہ ”جیسا کہ عمران خان خود بھی کہہ چکے ہیں، پاکستان کو اپنے مستقبل کے لیے دہشت گرد گروپوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے ہر ممکن روکنا ہو گا۔“

واضح رہے کہ جمعرات کے روز حافظ سعید کے چار ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر دہشت گردوں کی مالی معاونت کا الزام ہے۔ حافظ سعید خود بھی اسی الزام میں گرفتار اور جولائی سے جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).