کرددوں کا ترکی سے نمٹنے کے لیے شامی فوج سے معاہدہ
شام میں کردوں کا کہنا ہے کہ شامی حکومت نے ترکی کی ان کے خلاف جاری کارروائی کو روکنے کے لیے اپنی فوج کو شمالی سرحد پر بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔
شام کے سرکاری میڈیا نے پہلے بتایا تھا کہ شمال میں سرکاری فوج تعینات کردی گئی ہے۔
یہ فیصلہ امریکہ کی جانب سے شام کی ‘غیر مستحکم’ صورت حال اور وہاں سے اپنی فوج کو نکالنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
ترکی کی جانب سے بدھ کو شروع کی جانے والی کا مقصد کرد افواج کو اس علاقے سے نکالنا ہے۔
کردوں کی زیرِ قیادت شامی ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے زیر کنٹرول علاقوں پر ترکی کی جانب سے شدید بمباری کی گئی ہے جس میں دونوں جانب سے درجنوں شام شہریوں اور جنگجوؤں ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایس ڈی ایف اس علاقے میں امریکہ کی کلیدی حلیف رہی ہیں۔
ادھر اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ کردوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں 130,000 سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ ادارے نے متنبہ کیا ہے کہ تعداد جلد ہی تین گنا ہو سکتی ہے۔
خیال رہے کہ ترکی کی شام میں کردوں کے خلاف عسکری کارروائی صدر ٹرمپ کی جانب سے شمال مشرقی شام سے امریکی فوجیوں کو نکالنے کے فیصلے کے بعد شروع ہوئی۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے امریکی افواج کے انخلا کے فیصلے نے ترکی کو سرحد پار سے حملہ کرنے کی موثر طور پر گرین لائٹ دی تھی۔
ایس ڈی ایف نے گذشتہ ہفتے متنبہ کیا تھا کہ اگر ترکی کی جانب سے ان کے خلاف حملے جاری رہے تو وہ دولتِ اسلامیہ کے قیدیوں کی نگرانی کو ترجیح نہیں دیں گے۔
ترکی کی جانب سے بدھ کو شروع کی جانے والی ان کارروائیوں اور امریکی فوج کے انخلا کی بین الاقوامی سطح پر تنقید کی جا رہی ہے کیونکہ ایس ڈی ایف شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ میں مغرب کی اہم اتحادی رہی ہیں۔
لیکن ترکی کرد گروہوں کو ‘دہشت گرد’ قرار دیتا ہے اور وہ اس علاقے میں ایک ‘محفوظ زون’ بنانا چاہتا ہے جہاں کردوں کا وجود نہ ہو اور جہاں ترکی آنے والے تقریباً 36 لاکھ شامی پناہ گزینوں کو رکھا جائے۔
ہم معاہدے کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟
شمالی شام میں کردوں کی زیر قیادت انتظامیہ نے کہا ہے کہ معاہدے کے مطابق شامی فوج کو پوری سرحد پر تعینات کیا جائے گا۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تعیناتی ایس ڈی ایف کو ’اس جارحیت کا مقابلہ کرنے اور ان علاقوں کو آزاد کروانے میں مدد فراہم کرے گی جن میں ترک فوج اور کرائے کے سپاہی داخل ہوئے تھے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اس اقدام سے ترک فوج کے زیر قبضہ شام کے باقی شہروں کو بھی آزاد کرانے کی راہ ہموار ہو گی۔‘
امریکی اتحادیوں کے فوجی تحفظ کو کھونے کے بعد یہ معاہدہ کردوں کے اتحاد میں ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ شامی حکومت نے کیا عہد کیا ہے۔ واضح رہے کہ شامی حکومت اور کردوں کے درمیان یہ معاہدہ صدر ٹرمپ کی جانب سے اس خطے سے امریکی فوجیوں کو نکالنے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے جس نے ترکی کو کردوں کے خلاف کارروائی کا راستہ فراہم کیا تھا۔
تازہ ترین امریکی انخلا کیا ہے؟
امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے اعلان کیا تھا کہ پینٹاگون ترکی کی شمالی شام میں کردوں کے خلاف جاری کارروائی میں تیزی آنے کے بعد اپنی تمام افواج کو وہاں سے نکال رہا ہے۔ امریکی وزیر دفاع مارک ایسر نے اتوار کو سی بی ایس کے فیس دی نیشن کو بتایا کہ شام کی صورت حال انتہائی ‘غیر مستحکم’ ہوتی جا رہی ہے۔ انھوں نے سی بی ایس کے فیس دی نیشن کو بتایا ‘پچھلے 24 کے دوران ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ترکی جنوب اور مغرب کی جانب اپنے حملوں کو مزید آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔’
مارک ایسپر نے کہا کہ شمالی شام سے تقریباً 1,000 امریکی فوجیوں کی واپسی کا فیصلہ ان کی قومی سلامتی کی ٹیم اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایس ڈی ایف ترکی کے حملے کو پسپا کرنے کے لیے شامی حکومت اور اس کے اتحادی روس کے ساتھ ‘معاہدہ کرنے کا سوچ رہی ہیں۔’
امریکی وزیر دفاع کے اس تبصرے کے گھنٹوں بعد شام کے سرکاری ٹی وی پر ‘ترک جارجیت کا مقابلہ کرنے’ کے لیے فوج کو شمال کی طرف تعینات کرنے کی اطلاع ملی تھی۔ سرکاری میڈیا کے ذریعہ شامی فوج کو شام کے علاقے پر ’ترک جارحیت کا مقابلہ کرنے‘ کے لیے شمال میں تعینات کرنے کی اطلاع ملی تھی۔ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اصل میں فوج کہاں بھیجی جا رہی ہے۔
ترکی کی عسکری کارروائیوں کی تازہ صورتِ حال کیا ہے؟
سنیچر کے روز راس الاعین کے آس پاس ہونی والی جھڑپوں میں شدت پیدا ہوگئی۔ دونوں فریقین کی جانب سے سب سے اہم سرحدی شہر پر قبضے کے متضاد دعوے کیے جارہے ہیں۔ ترکی کا کہنا ہے کہ وہ راس العین پر قبضہ کر چکا ہے لیکن ایس ڈی ایف نے اس کی تردید کی ہے۔ راس العین اور قصبہ طل آبادی ترکی کے دو اہم اہداف میں شامل ہیں۔
دوسری جانب ترکی کے اتحادیوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے سرحد سے 30 کلومیٹر دور اسٹریٹجک لحاظ سے اہم سڑکوں اور درجن سے زیادہ دیہاتوں پر قبضہ کر لیا ہے
سرحد کی دونوں جانب عام شہریوں کی ہلاکت کی تعداد بڑھ رہی ہے:
- برطانیہ میں قائم سیرین آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس (ایس او ایچ آر) کے مطابق کم از کم 38 شہری اور 80 سے زیادہ کرد جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔
- ترکی کے مطابق، جنوبی ترکی میں سترہ شہری ہلاک ہو گئے ہیں جن میں ایک شامی بچہ بھی شامل ہے۔
- ایک ترک فوجی کے علاوہ ترکی کے اتحادی باغیوں کے ساتھ لڑنے والے 50 ترک جنگجو جنھیں شامی قومی فوج کے نام سے جانا جاتا ہے، کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
ترک کارروائی پر کیسا ردِ عمل سامنے آ رہا ہے؟
ترکی پر عسکری کارروائیاں روکنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے لیکن صدر رجب طیب اردوغان کا کہنا ہے کہ حملے جاری رہیں گے۔ فرانس کی وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کی جانب سے سنیچر کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ترکی کو ہتھیاروں کی تمام برآمدات معطل کردے گا۔
اس سے قبل جرمنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ نیٹو اتحادی کو اپنے ہتھیاروں کی فروخت میں کمی لا رہے ہیں۔ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے بھی صدر اردغان کو ٹیلیفون پر متنبہ کیا تھا کہ ان کا آپریشن شام میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف ہونے والی پیشرفت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔


