اگر خلائی مخلوق سے غلطی ہوئی ہے تو تسلیم کر لے، عالمی طاقتیں سن لیں کہ عمران خان ہمارا نمائندہ نہیں: مولانا فضل الرحمن


جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر ’خلائی مخلوق‘ سے غلطی ہوئی ہے تو تسلیم کر لے اور ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں، تمام ممالک سن لیں کہ عمران خان ہمارا نمائندہ نہیں، ان سے بات چیت نہ کی جائے۔

ولی باغ چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ سال ہونے والے الیکشن بدترین دھاندلی زدہ تھے اور ان کے حوالے سے ہمارا جو موقف پہلے تھا وہی آج بھی ہے۔ اگر خلائی مخلوق سے غلطی ہوئی ہے تو تسلیم کر لے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان میں نئے انتخابات کرائے جائیں۔

انہوں نے عالمی طاقتوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’ تمام ممالک کی قیادت سن لے کہ عمران خان ہمارا نمائندہ نہیں، اس سے بات چیت نہ کی جائے۔‘

جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت میں بیٹھے لوگ خود ہماری تحریک کو اٹھا رہے ہیں اور ہمارے لیے اطمینان کی بات یہ ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں آزادی مارچ کی حمایت کر رہی ہیں، ہم پورے ملک کو بند گلی سے نکالنے جا رہے ہیں ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کے دھرنے کو روکنا سیلاب کو روکنے کے مترادف ہوگا جو حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).