دیسی گھی کے فوائد

ڈاکٹر چوہدری تنویر سرور

\"tanweer-sarwar\"

قارئین! ایک زمانہ تھا کہ ہمارے آباؤ اجداد دیسی گھی کا ہی استعمال کرتے تھے اسی لئے ان کی صحت دیکھنے کے قابل ہوتی تھی، لیکن آج کل دیسی گھی کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے اور عام طور پر خالص گھی کا بھی فقدان ہے۔ ہو سکتا ہے کہ جسے ہم دیسی گھی سمجھ رہے ہوں وہ ہمارے لئے فائدے کی بجائے نقصان کا باعث بن جائے۔ اگر آپ خالص دودھ لے کر گھر میں دیسی گھی تیار کریں تو یقیناً یہ فائدہ مند ہی ہو گا۔ اس کا مختصر طریقہ آپ کی خدمت میں پیش کرنے کی جسارت کر رہا ہوں۔

 آپ روزانہ دودھ تو لیتے ہی ہوں گے،  بس دودھ کو گرم کریں اور اس کو تھوڑا نیم گرم ہونے دیں۔ اس پر بالائی جمنا شروع ہو جائے گی۔ اب اس بالائی کو روزانہ اتارتے جائیں، ایک برتن میں جمع کرتے جائیں اور فریز میں محفوظ کر لیں۔ جب ایک ہفتے کی بالائی جمع ہو جائے تو اس کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کریں۔ گرمیوں میں ٹھنڈا پانی اور سردیوں میں گرم پانی شامل کرتے جائیں۔ کچھ دیر بلینڈ کرنے کے بعد مکھن اوپر آ جائے گا۔ اس کو علیحدہ کر لیں۔ اب اس مکھن کو دھیمی آنچ پر چڑھائیں۔ اوپر سے جو بھی میل آئے اس کو ہٹاتے جائیں۔ کچھ دیر میں خالص خوشبودار مکھن تیار ہے۔ اس کو آپ اپنے کھانوں میں بھی استعمال کر سکتے ہیں اور پراٹھے وغیرہ پر بھی رکھ کر مزے سے کھا سکتے ہیں۔ دیسی گھی میں پکے کھانے لذیز اور صحت کے لئے مفید ہوتے ہیں۔ آج کل مارکیٹ میں زیادہ تر ناقص گھی دستیاب ہے جس سے ہماری صحت بہتر ہونے کی بجائے بدتر ہو رہی ہے۔ دیسی گھر جسم کو توانا اور طاقت ور بناتا ہے۔ اس میں موجود ’’فیٹی ایسڈ‘‘ جسم میں توانائی پیدا کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ دیسی گھی کی تاثیر گرم تر ہے۔ تمام پہلوان دیسی گھی کا استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہر میدان میں بازی لے جاتے ہیں۔ خالص دیسی گھی کو فرج میں بھی رکھنے کی ضرورت نہیں، لیکن اگر اس میں ملاوٹ کی گئی ہو تو یہ جلد خراب ہو جاتا ہے۔ دیسی گھی میں وٹامن اے، وٹامن ڈی اور وٹامن ای بھی موجود ہوتا ہے۔ دیسی گھی کے کئی مزید فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

کھانوں کو ذائقہ دار بناتا ہے۔
نظام انہضام کے بھی مفید ہے۔
بھوک بڑھاتا ہے۔
جگر کے لئے فائدے مند ہے۔
لاغر اور کمزور افراد کا وزن بڑھانے میں مفید ہے۔
کینسر جیسی موذی مرض سے بچاتا ہے۔
جسم کی سوزش میں کمی لاتا ہے۔
دافع قبض ہے۔
حاملہ خواتین کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔
سردیوں کے موسم میں مالش سے جلد کی خشکی ختم کرتا ہے۔
دیسی گھی کی پنجیری سردیوں کے موسم حرارت پہنچاتی ہے۔
دماغ کو قوت دیتا ہے۔
بصارت کو تیز کرتا ہے۔
جوڑوں کے درد میں مفید ہوتا ہے۔
جسم پر لگے زخموں کو مندمل کرتا ہے۔
یاداشت کو بہتر کرتا ہے۔

Comments - User is solely responsible for his/her words