نوازشریف کےذاتی معالج نے شام سات بجے پلیٹ لیٹس کی صورت حال سے آگاہ کردیا تھا: احسن اقبال


مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کے ذاتی معالج نے سوموار شام سات بجے جیل حکام کو نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹ سے آگاہ کردیا تھا۔ جیل حکام بروقت علاج کروانے کی بجائے رات بھرسوتے رہے۔ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس 10 ہزار سے نیچے گر گئے تو انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔

انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی صحت کو کوئی نقصان پہنچا تو عمران نیازی ذمہ دار ہوں گے۔ سن لو! تمہیں کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ نوازشریف کی صحت کو خطرہ ہے، اور حکومت کی مشیر اطلاعات جس طرح کی بیان بازی کررہی تھیں وہ کسی بھی انسان کیلئے قابل شرم اور ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ دنیا کے کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسے تبصرے نہیں کیا جاتا۔

اس سے قبل جب کلثوم نواز بیمار تھیں تو پی ٹی آئی نے ان کی بیماری کا مذاق اڑایا۔ مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا تو پی ٹی آئی کے میڈیا سیل نے تصاویر کو فوٹو شاپ کرکے پیش کیا، جو سیاست پر بدترین دھبہ ہے۔انہوں نے ایسی سیاست کو متعارف کروایا جس میں مخالفین کی بیماری پر بھی مذاق اڑایا جاتا ہے۔

سب کو معلوم ہے پلیٹ لیٹس 20 ہزار سے کم ہو جائیں تو انسان کو بلیڈنگ کا خطرہ لاحق ہوجاتا ہے جس کا فوری طور پر علاج کیا جانا چاہیے۔ کل نوازشریف کے ذاتی معالج نے رات 7 بجے حکام کو بتا دیا تھا لیکن حکام اس رپورٹ پر سوتے رہے۔ نوازشریف کی صحت کے ساتھ جو کھیل کھیلا جا رہا ہے ، اس کی براہ راست ذمہ داری عمران نیازی پر عائد ہوتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).