نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر، کل ہی فیصلہ سنایا جائے گا


اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی شہبازشریف کی درخواست پر اعتراضات ختم کر دیے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔عدالت نے نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست کل ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیراعظم کی درخواست پر کل ہی فیصلہ سنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست پر سماعت کی۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بھائی نے سزا معطلی کی درخواست دائر کی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف خود درخواست دائر کرنے کی حالت میں نہیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ لازم نہیں کہ نواز شریف خود ہی درخواست دائر کریں۔ خواجہ حارث نے اعتراضات دور کرنے کے حق میں عدالتی مثالیں پیش کر دیں۔

وکیل نوازشریف نے کہا کہ درخواست کسی بھی قریبی رشتہ دار کی جانب سے دائر کی جا سکتی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کل ڈویژن بنچ دستیاب نہیں ہو گا۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کے اعتراض ختم کر دیے۔

عدالت نے کل ہی درخواست پر سماعت کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ پنجاب اور سروسز ہسپتال کی ٹیم سے جواب طلب کر لیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).