وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ کو آزادی مارچ سے نمٹنے کے احکامات جاری کر دیے


وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کی رٹ ہر حال میں قائم رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو آزادی مارچ سے نمٹنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

نجی نیوز چینل کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزارت داخلہ کو آزادی مارچ سے نمٹنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ کو کسی صورت ڈی چوک تک نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوں لیکن اپوزیشن کسی غلط فہمی کا شکار ہے توشو ق پورا کر لے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اپوزیشن کو پریڈ گراﺅنڈ پر جلسہ کرنے کا آپشن دیا، حکومت اپنی رٹ ہرحال میں قائم رکھنا جانتی ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو حکومتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان مذاکرات میں کسی معاملہ پر اتفاق رائے نہ ہو سکا جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ اس موقع پر حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ دونوں طرف سے ایک دوسر ے کی تجاویز سنی گئیں، آج کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، بات چیت جاری رہے گی۔

اس کے بعد حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے وزیر اعظم عمران خان کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے آزادی مارچ کے ساتھ نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).