تازہ ترین: نواز شریف کو دل کے دورے کا خطرہ بڑھ گیا


سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا سروسز اسپتال لاہور میں پانچویں روز بھی علاج جاری ہے، ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

معالجین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کو انجائنا کا مسلسل شدید درد ہوا، دل کی یہ تکلیف طبی اصطلاح میں ’این اسٹیمی‘ کہلاتی ہے اس میں دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

سابق وزیراعظم کی تکلیف بڑھنے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ کو ایمرجنسی میں بلایا گیا، طبی جانچ پر نواز شریف کے دل میں اینزائمز (پروٹین مالیکیولز) کی تعداد زیادہ پائی گئی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم دل کے مریض ہیں، ان کے دو آپریشن پہلے ہو چکے ہیں، معالجین دل کی موجودہ تکلیف کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سروسز اسپتال کی انتظامیہ کےمطابق پلیٹ لیٹس کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے نواز شریف کو روزانہ ایک گھنٹہ آکسیجن لگائی جا رہی ہے ۔

نوازشریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کی میٹنگ جاری ہے ، بورڈ میٹنگ میں نوازشریف کی صحت کے حوالے سے رپورٹ تیار کر رہا ہے جسے ایم ایس سروسز اسپتال منگل کو اسلام آباد میں پیش کریں گے ۔

اس سے قبل گزشتہ روز نواز شریف کا پلیٹ لیٹس کاؤنٹ 30 ہزارہو گیا تھا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے اسٹیرائیڈز دینا پڑ رہی ہیں، تاہم اسٹیرائیڈز کےاستعمال سے نواز شریف کا شوگر لیول اور بلڈ پریشر زیادہ ہے، شوگر کنٹرول کرنے کے لیے انہیں انسولین دی جا رہی ہے۔

نواز شریف کو انجائنا کی تکلیف کے حوالے سے امراض دل کی ادویات بھی شروع کرا دی گئیں، 5 روز گزرجانے کے بعد ڈاکٹروں نے امید ظاہر کی ہے کہ نوازشریف کی طبیعت میں اب بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).