کیا راحیل شریف واقعی جا رہے ہیں؟


\"wisi-baba\"کارگل پر اعلی سطحی اجلاس جاری تھا۔ چہروں پر تناؤ بڑھتا جا رہا تھا۔ وجہ صاف تھی کہ جانی نقصان کی تفصیلات بتائی جا رہی تھیں۔ صورتحال کی وضاحت کی جا رہی تھی۔ درپیش امکانات کی بات ہو رہی تھی۔ جو ہر گز اچھے نہیں تھے۔ اس ناخوشگوار ماحول میں ایک پرسکون روح بھی بیٹھی تھی۔ مشرف صاحب کے چہرے پر مسکراہٹ برقرار تھی۔ ایسے میں نوازشریف مشرف کی جانب جھکے۔ ان کے کان میں بہت پیار سے کہا۔ ایتھے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گئے سی۔

اس ایک جملے کے ہزار مطلب ہیں۔ لیکن یہ اتنا پرتاثیر تھا کہ بارہ اکتوبر ہو کر رہا پھر۔ مشرف کو چپ لگ گئی تھی۔ ہمیں یہ سب ہمارے بے وثوق زریعے نے بتایا۔

نوازشریف کی سیاست کو دو لفظوں میں بیان کرنا ہو تو وہ دو لفظ ہیں پریشر اور ٹائمنگ ۔ یہ پریشر اور ٹائمنگ کو اس انداز سے استعمال کرتے ہیں کہ اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرتے ہیں۔ جب ان کی کیلکیولیشن گڑبڑ ہو جائے تو پھر یہ گھر جاتے ہیں۔ یہ پریشر یہ ٹائمنگ کیسی ہوتی ہے۔ چیف بحالی کے لئے ان کا مارچ یاد کر لیں۔

ڈوگر صاحب رٹائر ہونے والے تھے۔ پنجاب میں گورنر راج تھا جبکہ پولیس اس وقتی گورنر راج کے باوجود نون لیگ کی تابعدار تھی۔ میاں صاحب نے اپنی نظر بندی میں ایک تقریر فرمائی جو تمام چینلوں پر نشر ہو گئی۔ پہلوانوں نے سائیکل موٹروں پر بہہ کر گوالمنڈی سے نکل کر سماں باندھ دیا۔ راوی کا پل پار کیا تو مائی ہلیری نے پاکستان فون کھڑکانے شروع کر دئیے کہ یہ کیا ہو رہا ہے بھائی۔

ویسے تو اس وقت سیرل کی سٹوری پر تمام فریق پچھلی گلی سے دوڑ چکے ہیں۔ اعلی ترین پردہ نشین ترجمان نے کہہ دیا ہے کہ ہم نے تو نہ سٹوری پر اعتراض کیا، نہ سیرل کو کچھ کہا، نہ ڈان سے کچھ لینا دینا ہے، بس یہ بتاؤ کہ خبر کس نے لیک کی۔ طلال چودھری نون لیگ کے میڈیا ملنگ ہیں۔ وہ جب کوئی ٹی وی ملاکھڑا جیت کر واپس پارٹی آفس پہنچتے ہیں تو مریم نواز ان کی حوصلہ افزائی کے لئے سب سے تالیاں بجوایا کرتی ہیں۔

طلال چودھری صاحب نے ٹی وی پر فرمایا ہے کہ چودھری نثار ایک بااصول آدمی ہیں۔ وہ صرف اصول کی سر بلندی کی خاطر کبھی کبھی آگے بڑھ جاتے ہیں۔ اس آگے بڑھ جانے سے وہ خود کش یاد آ گئے جو جنت کی خاطر جنت سے آگے جا کر گرتے ہیں، خیر۔ چودھری نثار کی اصول پسندی کی بے دریغ تعریف کی طلال چودھری نے۔ اس کا بین السطور مطلب یہی تھا کہ حضور والا، آپ نے سیرل سے کچھ نہیں لینا دینا، ڈان کو کچھ نہیں کہنا، مان لیا۔ مگر چودھری نثار صاحب بھی تو کرنٹ آپ سے ہی لیتے ہیں۔ ہماری تھوڑی سنتے ہیں۔

\"raheel-sharif-gilgit\"

پبلک ڈیلنگ کرنے والے سیاستدان ہوں سردار یا خان ہوں۔ یہ سب لوگوں کو ڈیل کرنا جانتے ہیں۔ موقع ہو نہ ہو کسی کو بزت کرنا ہو کسی کو عزت دینی ہو۔ انہیں یہ سب طریقے آتے ہیں۔ آپ کبھی کسی سیاستدان سے کسی پھنے خان صحافی کو ملتا دیکھ لیں۔ سیاستدان پہلے جملے میں ایسی جگت لگائے گا۔ صحافی کا پھن سائیڈ پر گرتا ہوا صاف دکھائ دے گا۔

ویسے تو تازہ ترین اپ ڈیٹ یہ ہے۔ سی سی ٹی وی کی فوٹیج نکال کر جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کون کون میٹنگ میں کدھر بیٹھا تھا۔ جو باتیں رپورٹ ہوئی ہیں وہ سب باتیں سننے والا کان کتنا نزدیک تھا باتیں کرنے والوں کے۔ یہ ایکسرسائز کرنے کی خواہ مخواہ زحمت کی جا رہی ہے۔ اس کا حاصل وصول کچھ بھی نہیں ہے۔

پیر کے دن ہونے والے اجلاس میں اور اس کے بعد بھی، یہ بہت واضح طور پر بتا دیا گیا ہے کہ دیکھو چیف صاحب جا رہے ہیں۔ ہم جاتے جاتے نہیں چاہتے کہ یہ ناخوشگوار یادیں لیکر جائیں۔ ان کے ساتھ اچھا وقت گزرا ہے۔ ان کو احترام سے ہی رخصت کرنا ہے۔ گھروں میں اونچ نیچ ہو جاتی ہے۔ خبردار اس پر بیان بازی نہیں کرنی۔

غور کیا آپ نے۔ چیف صاحب جا رہے ہیں۔ فوٹیج دیکھنے والے کان منہ کے فاصلے چیک کرتے پھر رہے ہیں۔ ای سی ایل پر ڈالنے والوں کے بارے میں بتایا جا رہا کہ سرکار انچارج وزیر چودھری نثار ہمارا تھوڑی تمھارا ہی تو ہے۔ اس سب کچھ سے جو حاصل وصول کرنا تھا وہ کیا جا چکا۔

\"nawazraheel\"

لڑ گھل کر ہر جگہ پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔ دیکھ لیں جی ہم تو اپنی حکومت تک وار دینے لگے تھے۔ حافظ صاحب یا اور بھی جس جس کے خلاف کارروائی کرانی ہے۔ شوق سے کرا لو۔ پر ہمیں مت کہنا۔ اگلے دو چار مہینے اسی کھیل کود میں گزریں گے۔ کپتان کا دھرنا سر پر آیا کھڑا ہے۔ اسے اب میڈیا کو سیرل والی کبڈی سے نکال کر دوبارہ دھرنے پانامے کی طرف لانا ایک کام ہے۔ کپتان کو دھرنا دینا ہے میڈیا کسی اور بتی کے پیچھے لگا پھر رہا ہے۔

نوازشریف نے ابھی تو پریشر اور ٹائمنگ دونوں کو بروقت استعمال کر کے صرف اپنے مسل ہی چیک کیے ہیں۔ خبر بس اتنی ہی لگتی ہے کہ راحیل شریف واقعی جا رہے ہیں۔

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 406 posts and counting.See all posts by wisi

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments