میڈیکل بورڈ نواز شریف کے پلیٹیلیٹس میں کمی کی وجوہات جاننے میں تاحال ناکام
سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج و معالجے کے لیے بنایا گیا میڈیکل بورڈ نواز شریف کے پلیٹیلیٹس میں کمی کی وجوہات جاننے میں تاحال ناکام ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے سروسز اسپتال کے پروفیسر محمود ایاز کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہوا۔ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کی تعداد نہ بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کے خون میں پلیٹیلیٹس کی تعداد بڑھ کر 35 ہزار ہو گئی ہے تاہم ادویات اور انجیکشن کے باوجود نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کا مناسب تعداد میں نہ بڑھنا خطرناک ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ میڈیکل بورڈ نواز شریف پلیٹیلیٹس کی کمی کی وجوہات جاننے میں تاحال ناکام ہے اور بورڈ نے دنیا بھر کے ممتاز طبی ماہرین سے مشاورت کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا ہے۔ بورڈ نے نواز شریف کے بون میرو، پٹ اسکین اور لمپف نوڈز بائیوپسی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خون میں شوگر کی مقدار بہت زیادہ آ رہی ہے، ذیابیطس اور دل کے عارضے سے طبی پیچیدگیاں بڑھ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی ادویات میں ردوبدل کا فیصلہ بھی کیا ہے۔


