”دل کرتا ہے ن لیگ کو گالیاں دوں“ : پرویز ملک کے فون نہ اٹھانے پر مولانا فضل الرحمن کی مبینہ تلخی


سینئیر صحافی انعام اللہ خٹک نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان لاہور میں اسٹیج پر شہباز شریف اور دیگر لیگی قیادت کا انتظار کرتے رہے، جب وہ نہیں آئے تو مولانا نے سینیٹر طلحہ محمود کو کہا کہ ن لیگ لاہور کے صدر پرویز ملک کو فون کریں، پرویز ملک نے فون نہ اٹھایا تو مولانا نے مبینہ طور پر اپنے ساتھی رہنما سے کہا کہ دل کرتا ہے ن لیگ کو گالیاں دوں۔

انعام اللہ خٹک نے مزید کہا ہے کہ اپوزیشن نے پہلے حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کے خواب دیکھایا اور پھر شرمندہ کر دیا۔ پھر مولانا صاحب کو آگے کر کے اپنی ضمانتیں پکی کر لیں۔ اب مولانا کو لاہور اور جی ٹی روڈ پر اکیلا چھوڑ دیا۔ مولانا کے ساتھ انصارالاسلام کے علاوہ کوئی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کا ’آزادی مارچ‘ بدھ کے روز لاہور پہنچا تھا جہاں آزادی چوک میں جلسہ بھی کیا گیا۔ آزادی مارچ کے شرکا اب براستہ جی ٹی روڈ راولپنڈی پہنچیں گے جس کے بعد ان کی اگلی منزل اسلام آباد ہوگی۔
آج لاہور سے نکلتے ہوئے مارچ میں لوگوں کی انتہائی کم تعداد نے مولانا کو مایوس کر دیا۔ مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ لاہور سے اسلام آباد کے لیے نکل چکا ہے جس میں جمیعتِ علماء اسلام ف کے کارکنان شامل ہیں۔ مولانا اپنے کنٹینر پر موجود ہیں لیکن مارچ میں لوگوں کی انتہائی کم تعداد نے انہیں مایوس کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے 15 لاکھ لوگ مارچ کے لئے اسلام آباد لانے کا دعویٰ کیا تھا لیکن ان کے مارچ میں اس دعوے کی نسبت بہت کم لوگ موجود ہیں۔ لاہور سے نکلتے ہوئے مولانا کے ساتھ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان بھی موجود نہیں ہیں حالانکہ دونوں جماعتوں نے مولانا کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).