جلسہ آج یا کل:مسلم لیگ (ن) اور اے این پی میں اختلاف
اسلام آباد میں آزادی مارچ کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام اور اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کے معاملے پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔
ترجمان اے این پی زاہد خان کا کہناہےکہ جلسہ منسوخی ن لیگ کا پروپیگنڈا ہے، ن لیگ بے شک نہ آئے ، جلسہ آج ہی ہو گا۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما عبدالغفوری حیدری نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کا مجھ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، یہ جو غلط فہمی پھیلائی گئی دور ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالغفورحیدری نے کہا کہ آزادی مارچ کے قافلے رات یہاں پہنچ جائیں گے، کل مولانا فضل الرحمان جمعہ کی نماز پڑھائیں گے پھر جلسے کا آغاز ہو گا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ مریم اورنگزیب مجھ سے خود بات کریں گی تو پتہ چلے گا وہ کیا کہنا چاہ رہی ہیں، جو غلط فہمی پھیلائی گئی وہ دور ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے کہا کہ آج جلسہ نہیں ہورہا تو اس کی بات کی لاج رکھیں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ سانحہ تیز گام کے باعث اپوزیشن نے مشترکہ طور پر آزادی مارچ کا اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ کل تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج سانحہ تیز گام کا بڑا حادثہ رونما ہوا ہے اور متاثرین سے اظہار یک جہتی کےلیے جلسہ کل تک کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ اور آزادی مارچ کے روحِ رواں مولانا فضل الرحمٰن نے آج کے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے ملتوی ہونے کی تردید کی تھی۔


