کوئی پہنچے یا نہ پہنچے، اے این پی پہنچ گئی ہے: اسفند یار ولی


اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما اے این پی اسفندیار ولی کا کہنا ہےکہ رہبر کمیٹی نے جلسے کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ طے کی تھی، تحریکوں میں جو فیصلے ایک بار ہوجائیں وہ تبدیل نہیں ہوتے، حزب اختلاف میں کوئی دراڑ نہیں ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفند یار ولی خان کا کہنا ہے کہ میں تو ایک ذہن لے کر جلسے کے لیے آيا تھا، یہاں آیا تو آپ سب کے سامنے بٹھادیا گيا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا رہبر کمیٹی کے کسی ممبر سے رابطہ نہیں ہوا، تاہم رہبر کمیٹی کا آخری فیصلہ آج کے جلسے کا تھا۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ ہمارے ساتھ آج کی تاریخ مقرر کی تھی کہ آج جلسہ ہوگا کوئی پہنچے یا نہ پہنچے، اے این پی پہنچ گئی ہے۔

سربرا ہ اے این پی نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے بندے کافی ہیں ہم اپنا جلسہ کرلیں گے اپوزیشن متحد ہے، مگر ہم نے آج اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا ہے۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ میں پشاور سے آیا ہوں اور اکرم خان درانی ڈی آئی خان سے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی نے پروگرام دیا تھا کہ آج کے دن جلسہ ہوگا، ہم حکم کے پابند ہیں، ہم تحریکوں سے واقف ہیں جو فیصلے ایک بار ہوجائیں وہ تبدیل نہیں ہوتے۔

اسفند یار ولی نے کہا کہ حزب اختلاف میں کوئی کشمکش یا گڑبڑ نہیں ہے یہ وقت کی بات ہے، کوئی آگے کوئی پیچھے آتا ہے۔

Facebook Comments HS