کیا ہماری مٹی کی تاثیر خراب ہے؟


سو پیاز اور سو جُوتے، پنجابی کی کہاوت ہے۔ بحیثیت قوم ہم یہ کام پچھلے ستر سال سے کر رہے ہیں۔ کبھی آمریت کا درد اٹھنا شروع ہو جاتا ہے، کبھی جمہوریت کا۔ پاکستان بننے سے لے کر آج تک ہم عجیب گردش میں ہیں۔ جہاں سے آغاز کرتے ہیں پورا چکر کاٹ کر پھر وہیں آ پہنچتے ہیں، اور پتا نہیں کب تک ہم اسی غلام گردش میں گھومتے رہیں گے۔

عجیب تاثیر ہے ہماری مٹی کی۔ ہم عرصے سے جبر سہہ رہے ہیں اور نجانے کب تک سہیں گے، مگر بغاوت تو دور اپنے حق کے لئے آواز تک اٹھانا گوارا نہیں ہمیں۔ بھیڑ بکریوں کے ریوڑ کی طرح کوئی بھی لاٹھی سے ہانک لے ہمیں۔ تنزلی کا عروج ایسا کہ دلیل کی جگہ گالی نے لے لی۔ کسی کو کافر مرتد یا برا بھلا کہنا ہو تو مارکیٹ میں ریڈی میڈ فتوے بھی میسر ہیں۔ کسی کو غدار قرار دینا ہو کسی کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینا ہو تو معاشرے میں ہر قسم کے ٹھیکیدار میسر ہیں۔

جب میں ملک کے سیاسی اور معاشرتی نظام پر نظر ڈالتا ہوں تو ایک بات کھل کر عیاں ہونا شروع ہو جاتی ہے کہ بحیثت قوم ہم کتنےسنجیدہ ہیں۔ کوئی باہر سے آ کر تو شاید بعد میں ہمیں تنگ کرے گا ہم گھر والے ہی کافی ہیں، ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کے لئے۔ کبھی کسی جمہوری سیٹ اپ کو ہم نے آزادی سے چلنے نہیں دیا، ان کے معاملات میں بے جا مداخلت کی اگر آپ کے نظریے کے مطابق کوئی حد سے باہر نکلنا شروع ہو جائے یا آپ کے ایجنڈے کی تکمیل کی راہ میں حائل ہو تو عمران خان، طاہرالقادری، خادم حسین رضوی اور اس طرح کے اور لوگ ہمیں میدان میں نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ کبھی دھرنا ون کی شکل میں کبھی دھرنا ٹو کی شکل میں کبھی اسلام آباد لاک ڈاؤن کی شکل میں نئے نئے انقلابی نعروں کے ساتھ۔

اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر خود سے پوچھیں کیا کسی اور ملک میں اس قسم کے لطیفے اور شغل ہوتے ہیں؟ اختلاف رائے کرنے والے کو ہم ملک دشمن عناصر سے تشبیہہ دیتے ہیں۔ بہت ادب سے کہنا چاہتا ہوں کسی بھی سنجیدہ معاشرے میں بھلا ایسا بھی کبھی ہوتا ہے؟ ہمارے ستر سال کی تاریخ ایک کہانی ہے ہمارے سود و زیاں کی خسارے کی جس میں ملک ٹوٹنے سے لے کر دہشت گردی کی آگ تک سب خسارا شامل ہے، مگر مجال ہے جو آج تک ہم نے کبھی اپنی غلطیوں کی اصلاح کا سوچا ہو۔ یا کبھی آیندہ کا روڈ میپ بنایا ہو۔ اپنے اپنے دائرہ کار میں رہنے کا کوئی حل سوچا ہو، کبھی ایسا سوچا ہو کہ بہت ہو گیا اب مزید نہیں۔ ہم سب نے ملک کو آگے لے کر چلنا ہے اور ماضی کے ہر داغ اور غلطی سے بچنا ہے۔ بد قسمتی سے کہنا پڑ رہا ہے مجال ہے جو کبھی ہم نے ان خطوط پر سوچا ہو اور پھر میرا دل تاریخ کی گھمن گھیریوں میں کھو جاتا ہے۔ میں بار بار خود سے الجھ کے رہ جاتا ہوں۔ کیا سب قصور ہماری مٹی کی تاثیر کا ہے، جو بار بار ہمیں سو پیاز اور سو جوتے کھانے پر مجبور کرتا ہے؟