نواز شریف کی حالت بدستور تشویش ناک ہے، ہنگامی طور پر آپریشن تھیٹر تیار کر لیا گیا


لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔ کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے آپریشن تھیٹر تیار کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاو کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ 10 دنوں کے دوران ان کے وزن میں نو کلو گرام کمی واقع ہوئی ہے

نواز شریف کے علاج کیلئے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ محمود ایاز نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاو کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ 10 دنوں کے دوران نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاو کے باعث ان کے جسم میں اندرونی طور پر بہت ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہے۔ محمود ایاز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 دنوں کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کا 9 کلو وزن کم ہوا ہے۔ اتنی تیزی سے وزن کی کمی بتاتی ہے کہ ان کی حالت بہت تشویش ناک ہے۔

میاں نواز شریف کے پلیٹ لیٹس سیلز کی تعداد 39 ہزار ہو گئی ہے جس سےخون بہنے کا خطرہ کم ہو گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق پلیٹ لیٹس مزید بڑھانے کے لئے ادویات دینا خطرناک ہو سکتا ہے۔ تاہم نوازشریف کو اب بھی اسٹیرائیڈز دیے جا رہے ہیں، جبکہ انسولین دینے کے باوجود شوگرکنٹرول نہیں ہو رہی ۔

محمود ایاز نے بتایا ہے کہ نواز شریف کی موجودہ تشویش ناک حالت کے باعث سروسز ہسپتال کے آپریش تھیٹر کو ہنگامی طور پر تیار کر لیا گیا ہے۔ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو دس روز قبل طبیعت بگڑنے پر ہنگامی طور پر لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک گر گئے تھے جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ بعد ازاں لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی آٹھ ہفتے کیلئے ضمانت بھی منظور کر لی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).