نواز شریف اور مریم نواز بیرون ملک کب جا رہے ہیں؟ خبر رساں ادارے کا تہلکہ خیز دعویٰ


صباح نیوز ایجنسی کے مطابق کچھ بااثر حلقوں کے کردار کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ علاج کے لئے جلد لندن روانہ ہو جائیں گے۔ تمام معاملات طے پا گئے۔ مریم نواز بیرون ملک علاج کے بعد واپس اپنے ملک کی سیاست میں سرگرم کردار ادا کریں گی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے علاج کے لئے قائم میڈیکل بورڈ نے ان کے بیرون ملک علاج کی سفارش کردی ہے۔ اہلخانہ نے بھی بیرون ملک علاج کیلیے نوازشریف کو رضا مند کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کیلیے بیرون ملک جانے میں مسلسل ہچکچاہٹ کا شکار رہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف کی وطن واپسی کے وقت کچھ حلقے ان کی صاحبزادی کی سیاست میں حصہ لینے پر راضی نہیں تھے جیل میں اسیری کے دورا ن کچھ مخصوص حلقے نواز شریف سے ملتے اور رابطوں میں رہے اور انہیں بیرون ملک جانے کیلئے قائل کرتے رہے تاہم یہ حلقے اس وقت نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سیاست میں حصہ لینے پر آمادہ نہیں تھے یہی بنیادی وجہ تھی کہ نوازشریف بیرون ملک جانے کیلئے تیار نہیں تھے۔

صباح نیوز ایجنسی کے مطابق اب یہ حلقے مریم نواز کے سیاست میں کردار پر راضی ہو گئے ہیں، ان مخصوصں حلقوں کے مسلسل رابطوں اور ملاقاتوں سے سابق وزیراعظم نوازشریف اب بیرون ملک جانے پر تیار ہو گئے ہیں جہاں وہ اپنا علاج کرائیں گے جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز ان کے ہمراہ ہوں گی۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ نوازشریف کے مکمل علاج اور حالت بہتر ہونے کے بعد مریم نواز واپس وطن لوٹیں گی اور پاکستان کی سیاست میں سرگرم کردار اداکریں گی۔

اگرچہ سول حکومت آخری وقت تک نوازشریف کی بیرون ملک جانے کی مخالفت کرتی رہی اور وزیر اعظم این آر او نہ دینے کی بات کرتے رہے لیکن سول حکومت دیکھتی ہی رہ گئی ا ور کسی اور سے نواز شریف کی اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ علاج کے لئے بیرون ملک جانے کیلئے تمام معاملات طے پا گئے۔ قانونی پیچیدگیاں دور ہونے کے بعد نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ علاج کیلیے بیرون ملک جائیں گے۔

یاد رہے کہ نوازشریف 16 روز سروسز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گزشتہ روز جاتی امرا منتقل ہوئے جہاں شریف میڈیکل کمپلیکس کی جانب سے میڈیکل یونٹ لگایا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رانا ثنااللہ بھی جلد ضمانت پر رہا ہو جائیں گے۔ مخصوص لوگوں سے رابطوں میں میاں شہباز شریف اور ان کی اہلیہ تہمینہ درانی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).