بیماری کی صورت میں مریم نواز کو بھی بیرون ملک جانے کی اجازت مل سکتی ہے: اعجاز شاہ


وفاقی وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ کہتے ہیں کہ مریم نواز بیمار ہوئیں تو ان کو بھی بیرون ملک علاج کے لیے جانے کی اجازت مل سکتی ہے، وہ اس وقت صحت مند ہیں۔ انہیں سیریئس بیماری نہیں۔

ننکانہ صاحب میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی جا رہی ہے، نہ انہیں ڈھیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرونِ ملک علاج کی اجازت دی جا رہی ہے، ای سی ایل سے ان کا نام نکالنے کے معاملے پر وزیرِ قانون کی صدارت میں اجلاس ہو رہا ہے۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی حالت تشو یش ناک ہے، پاکستان میں ان کا علاج ممکن نہیں،اس لیے صرف علاج کے لیے انہیں باہر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف علاج کے بعد وطن واپس ضرور آئیں گے، ان کے والد، بیوی اور بھائی کی قبریں پاکستان میں ہیں، وہ پاکستان نہیں چھوڑ سکتے۔

وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کابینہ میں کوئی اختلاف نہیں، مولانا فضل الرحمٰن کو اتنی سہولتیں دے رہے ہیں کہ ان کا دل اسلام آباد میں لگ گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن جلد جانے والے نہیں، انہیں اتنا پیار دے رہے ہیں کہ وہ وزیرِ اعظم عمران خان کے استعفے کا مطالبہ بھول جائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).