عوام کو روزگار فراہم کرنا حکومت کا کام نہیں: حفیظ شیخ


وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ لوگوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کا کام نہیں ہے بلکہ یہ کام اداروں کا ہے۔ اسلام آباد میں امن و ترقی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم نہیں کرسکتی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور موجودہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے انتخابی منشور میں لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

ادھر مشیر خانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کہتے ہیں کہ روز گار فراہم کرنا حکومت کا کام نہیں ہے بلکہ ادارے لوگوں کو روزگار فراہم کرتے ہیں۔ حفیظ شیخ نے کہا ہے ان کی حکومت اپنے کوششوں سے روزگار کے لیے ماحول بہتر کرسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نجکاری کا پروگرام دوبارہ شروع کیا جارہا ہے جن میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی) پاور پلانٹس، کچھ بینکوں اور انشورنس کمپنیوں کی نجکاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ عوام کی ترقی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے پہلے عوامی ترقی کو اولین ترجیح دی۔

Facebook Comments HS