زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن حکومت نے چھوٹے دل کا مظاہرہ کیا: نوازشریف
سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ حکومت نے انتہائی چھوٹے دل کا مظاہرہ کیا۔ چھوٹا بھائی ہونے کے ناطےشہبازشریف نے جو کوشش کی وہ قابل تعریف ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے شہبازشریف سے ملاقات کے دوران کیا۔ شہبازشریف نے آج جاتی امرا میں نوازشریف کی عیادت کی اور نیک تمناوں کااظہارکیا۔ اس موقع پر مریم نواز بھی وہاں موجود تھیں۔ ڈاکٹر عدنان نے شہبازشریف کو نوازشریف کی صحت سے متعلق بریف کیا۔ شہبازشریف نے نواز شریف کو اب تک ہونے والے معاملات سےمتعلق آگاہ بھی کیا۔
اپنے بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے دشمنی کی سیاست نہیں کی بلکہ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ وہ چوہدری شجاعت ، چوہدری پرویز الٰہی، اے این پی ، چیئرمین سینیٹ اور عوام کے شکرگزار ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا اور نوازشریف کی صحت و تندرستی کیلئے دعائیں کیں۔ اس موقع پر شہبازشریف نے حکومت پر تنقید بھی کی ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تاخیر کی لیکن اللہ تعالیٰ نے ریلیف دیا۔
یادرہے گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے نمائندے کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراضات کو مسترد کردیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نواز شریف 4 ہفتوں کے لئے بیرون ملک جا سکتے ہیں اور علاج کے دوران اس میں توسیع بھی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کا نام ای سے نکلوانے کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کونواز شریف کو ریلیف دینے کی بات کی تھی جبکہچوہدری برادران حکومت کو قائل کرنے والوں میں نمایاں تھے۔ چوہدری شجاعت کے مطابق انہوں نے عمران خان سے کہا تھا کہ وہ اپنے گلے میں طوق نہ ڈالیں اور میاں نوازشریف کو ملک سے باہر علاج کیلئے جانے کی اجازت دے دیں۔ چوہدری برادران کےاس بھرپور کردار کو شہبازشریف نے بھی سراہا ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔


