‘سادگی کے پیکر’ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی دولت کتنی ہے؟


اس وقت ایران میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔ آخری اطلاعات تک تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج میں مرنے والوں کی تعداد چالیس سے بڑھ چکی ہے۔ دوسری طرف ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی دولت کے نئے اعداد وشمار سامنے آئے ہیں۔ عوام کو سادگی اور کفایت شعاری کی تلقین کرنے والے ایرانی سپریم لیڈر کے اثاثے ایران کے کل قرضوں سے بیس گنا زیادہ ہیں بلکہ ایران کی کل برآمدات کے حجم سے بھی کہیں زیادہ ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کی اس وقت دولت کا اندازہ 2 کھرب ڈالر لگایا گیا ہے۔ یہ اعداد وشمار رواں سال کے اوائل میں عراق میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ ہیں۔ ان اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر کی ملکیت اثاثوں کی مالیت 200 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ ایران میں سب سے طاقتور شخصیت کے اثاثوں کا اندازہ کرنا بھی مشکل ہے جب کہ عوام غربت اور فاقوں سے نڈھال ہیں۔ ایرانی عوام کی غربت اور پسماندگی کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب 40 سال قبل ایران میں ولایت فقیہ کا انقلاب برپا ہوا۔

امریکی سفارت خانے کی طرف سے’ ایرانی مقتدرہ کے کرپٹ چہرے’ کے عنوان سے جاری کردہ رپورٹ میں ایرانی لیڈروں کی دولت کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

ایران کے مرکزی بنک کی رپورٹ کے مطابق ایران کے بیرونی قرضوں کاحجم 10.441 ارب ڈالر ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر کے اثاثے ایرانی قرض سے19.23  گنا زیادہ ہیں۔

ایران کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایران کی تیل کی برآمدات 10.06 ارب ڈالر ہیں۔ تیل کی برآمدات کے تناسب میں ایرانی سپریم لیڈر کے اثاثے 18.89 گنا زیادہ ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).