یوسف بیگ مرزا وزیراعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہو گئے 


وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور یوسف بیگ مرزا نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کر دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف بیگ مرزا نے کہا ہے کہ انہوں نے اس عہدے سے مستعفی ہوکر میڈیا انڈسٹری میں واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کے لیے پوری ایمانداری سے کام کیا تاہم اب وہ میڈیا کی طرف واپس جانا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ ان کی اس عہدے پر تعیناتی ایک سال قبل ہوئی تھی۔

یوسف بیگ مرزا نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، جنرل پرویز مشرف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے دور میں سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی خدمات سرانجام دی تھیں۔ انہوں نے نجی نشریاتی اداروں کے لیے بھی کام کیا ہے۔

یوسف بیگ مرزا کے مطابق وہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے عہدے پر بغیر تنخواہ و مراعات و دیگر کے اعزازی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم نے حالیہ کابینہ اجلاس میں اپنی میڈیا ٹیم کی کارکردگی کے جائزے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیر اعظم کی  میڈیا ٹیم میں ندیم افضل چن، فردوس عاشق اعوان، افتخار درانی و دیگر شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).