تحریک انصاف کے وزراء نے عدلیہ کے خلاف کھلم کھلا تحریک چلارکھی ہے: حامد میر


تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے وزراء نے عدلیہ کے خلاف کھلم کھلا تحریک چلا رکھی ہے تو کیا اس پر چیف جسٹس کا فرض نہیں تھا کہ شائستگی کے ساتھ اس کا جواب دیں؟

جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ عمران خان جب حکومت میں آئے تو یہ تاثر تھا کہ تمام ادارے ان کے ساتھ ہیں اور ہوائیں ان کے حق میں چل رہی تھیں لیکن عمران خان نے پہلے میڈیا کے ساتھ محاذ آرائی شروع کی، پھری عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی شروع کردی اور پھر اپنے آپ کے ساتھ ہی محاذ آرائی شروع کر دی۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے عمران خان کو حقیقت کا آئینہ دکھایا ہے کہ آپ اس عدلیہ پر طعنہ زنی کر رہے ہیں جس نے ایک وزیر اعظم کو سزا دی، دو وزرائے اعظم کو نااہل کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وزراء نے عدلیہ کے خلاف کھلم کھلا تحریک چلا رکھی ہے تو اس پر چیف جسٹس نے شائستگی کے ساتھ جواب دے دیا ہے۔ حامد میر کے مطابق چیف جسٹس کا بیان بالکل ٹھیک ہے تاہم چیئر مین نیب کا ہواﺅں کا رخ بدلنے والا بیان درست نہیں ہے۔

Facebook Comments HS