اسٹاک ایکسچینج بری طرح کریش: دو روز میں 1462 پوائنٹس کی کمی۔ سرمایہ کاروں کے 2 کھرب 31 ارب روپے ڈوب گئے


پاکستان اسٹاک ایکسچینج بہت بری طرح کریش کر گئی۔ 100 انڈیکس میں 2 روز میں 1462 پوائنٹس کی بڑی کمی ہوئی ہے۔ سرمایہ کاروں کے 2 کھرب 31 ارب روپے ڈوب گئے ہیں۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 38 ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 37101.31 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری سیاسی غیر یقینی کے باعث دو روز کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج بہت بری طرح کریش کر گئی۔

دو روز کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 1462 پوائنٹس کی بہت بڑی کمی ہوئی ہے۔ 2 روز کے دوران ہونے والی مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے تقریباً 2 کھرب 31 ارب روپے ڈوب گئے۔ بدھ کے روز مارکیٹ میں 526.69 پوائنٹس کی مندی کے باعث سرمایہ کاروں کی 89 ارب 8 کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے تھے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز جمعرات کو بھی مندی کے بادل چھائے رہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 38 ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے مزید 936.37 پوائنٹس کی کمی سے 37101.31 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا جب کہ حصص کی فروخت کا دباو بڑھنے کے باعث 79.16 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب ارب 42 ارب 4 کروڑ 16 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 29 فیصد کم رہا۔ گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 38095 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے باعث فروخت کا دباو بڑھ گیا اور بدھ کو شروع ہونے والی مندی کا رجحان مزید شدت کے ساتھ دیکھنے میں آیا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 37033 پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا۔

بعد میں مارکیٹ میں معمولی ریکوری آئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 936.37 پوائنٹس کی کمی سے 37101.31 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 384 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 69 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ 304 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 11 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب ارب 42 ارب 4 کروڑ 16 لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 71 کھرب 16 ارب 5 کروڑ 46 لاکھ روپے ہو گئی۔ جمعرات کو مجموعی طور پر 23 کروڑ 25 لاکھ 69 ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جو بدھ کی نسبت 9 کروڑ 50 لاکھ 67 ہزار شیئرکم ہیں۔

Facebook Comments HS