بریانی مطلب برجانی


ابھی جب میں یہ تحریر سپرد قلم کررہا ہوں تو اس موضوع کا انتظار کر رہا ہوں جس موضوع کو مجھے قلمبند بھی کرنا ہے اور معدہ بند بھی، حیران نہ ہو اور پریشان بھی نہ ہو کیونکہ میرا موضوع ہے ”بریانی“ اور میں بیٹھا ہوں ایک بریانی سینٹر میں۔ چند دوست اور میں۔ ہم سارے نشے کے عادی، چرسی موالی ہیں اور نشہ ہے

” بریانی“۔

یہ وہ نشہ ہے جو ہم سال کے سال، دن کے دن، گھنٹوں کے گھنٹوں، لمحوں کے لمحوں کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ یہ بریانی کوئی عام غذا نہیں بلکہ پہلی محبت کا نام ہے بلکہ عام محبت کی ناکامی کا خدشہ تو ہمہ وقت رہتا ہے لیکن بریانی سے محبت ہر دن کے ساتھ بڑھتی ہی جاتی ہے۔ عام محبت سے دل بھر سکتا ہے لیکن بریانی سے دِل نہیں، نیت نہیں، صرف پیٹ ہی بھرتا ہے وہ بھی چند گھنٹوں کے لئے۔ ۔ بریانی تو ہمیں اس زمانے سے پسند ہے کہ جب ہم اسے ”برجانی“ کہتے تھے اب سمجھ میں آیا کہ بریانی کو برجانی بالکل صحیح کہتے تھے کیونکہ یہ بریانی ہی تو ہی تو بر۔ ”جانی۔ “ ہے۔

بریانی چاول سے بنائے جانے والے ایک کھانے کا نام ہے جس میں چاول کے ساتھ مختلف مسالے اور گوشت ڈال کر بنائی جاتی ہے۔ لفظ ’بریانی‘ فارسی لفظ ’بریان‘ سے مشتق ہے جس کے معنی ’تلا ہوا‘ یا ’بھنا ہوا‘ کے ہیں۔ بریانی کھانوں کی روح کا نام ہے بریانی زبان کی امیدوں کا نام ہے بریانی پیٹ کے خیالوں کانام ہے۔ بلاشبہ جس طرح پھلوں میں گلاب ہے جس طرح پھلوں میں آم ہے بالکل اسی طرح کھانوں میں بھی بریانی کا وہ ہی مقام ہے۔ جس طرح گلاب کے پھول کی خوشبو آپ کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے اسی طرح بریانی کی خوشبو بھی اپنی جانب کھینچتی ہے گویا ہم کوئی میگنٹ ہیں اور بریانی کوئی لوہا اور ہاں اگر غور کیا جائے تو بریانی سے یہ آواز آتی ہے کہ ”آؤ مجھے کھاؤ، آؤ مجھے پھوڑو“

بریانی انسانیت پرست ہے بریانی کا نہ کوئی مسلک ہے اور نہ کوئی زبان، بریانی نہ لسانیت پسند ہے نہ قوم پرست، بریانی بس بریانی ہے یہ تمام بنی نوع انسانوں میں قابل قدر نگاہوں سے دیکھی جاتی ہے پسند اور تناول کی جاتی ہے۔ خصوصاً تمام پاکستانی اس کی دل سے عزت کرتے ہیں اور کھابوں میں دلچسپی رکھنے والے اس سے عشق۔ بریانی ہر موسم میں خوبصورت لگتی ہے گویا خراب موڈ اور موسم کو بہتر اور شاندار بھی بناتی ہے۔ یہ ہی نہیں، بریانی میں طبقاتی تناؤ بھی نہیں بلکہ یہ یکساں طور پر تمام طبقات میں محبت اور احترام کی حیثیت رکھتی ہے اور معاشرے کے ہر طبقات یعنی نچلا، درمیانی اور اوپری میں قابل قبول ہے۔

گھر میں شادی ہو اورتقریبات میں دو ڈشز ہو یا دو سو، لیکن بریانی تو اوجب (واجب سے بھی زیادہ ) ہے، موت ہو وہاں بھی بریانی، برتھ ڈے ہو وہاں بھی بریانی، میٹنگ ہو وہاں بھی بریانی، کوئی مہمان آرہا ہو تو بریانی کوئی جارہاہو تو بریانی، پکنک ہو تو بریانی الغرض بریانی اس شے کا نام ہے کہ جو ہر جگہ اپنی جگہ بناچکی ہے اور دِلوں میں سما چکی ہے۔ صرف یہ ہی نہیں بریانی کی اتنی اہمیت ہے بہت سارے پاکستانی صرف ایک بریانی کی پلیٹ پر اگلے پانچ سال تک غلامی کرنے کو تیار ہوجاتے ہیں۔

بریانی کی بہت سی اقسام ہے جن میں بیف بریانی، مٹن بریانی، چکن بریانی، قیمہ بریانی، چھولا بریانی، نلی بریانی، سبزی بریانی قابل قدر، ذکر اور تناول ہے۔ ہم کیوں کہ شروع ہی سے لنگری مزاج رکھتے ہیں اور کرم یہ ہوا کہ ماحول اور دوست بھی ایسے ملے جو ہم مزاج تھے اس وجہ سے ہم سب کی دکھائی دینے والی مشترکہ محبت بھی بریانی قرار پائی۔

ہم گھر کی اور دوستوں رشتے داروں کی بہت سی تقریبات میں لنگری طریقے یعنی تھال میں بریانی کھانے کو فوقیت دیتے ہیں یہ ہی وجہ تھی کہ کوڈ ورڈ بھی استعمال کرنا ضروری ہوگیا تھا تاکہ بریانی میں ضرورت کی اشیاء کو بوقت محاصرہ عام عوام اور خاص خواص اپنے دوستوں کو اس کوڈ ورڈز کی ذریعے اپنی مطلوبہ چیز کی حاجت کرسکے اور دوسری عوام سمجھ بھی نہ سکے اور دوست حاجت کشائی کرسکیں۔ لیکن جب ہمیں باہر کے لوگوں سے بریانی کے معاملات کے حوالے سے کوڈ ورڈ پتا چلے تو ہم اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگے۔

جیسے کہ کچھ لوگوں کو اگر بریانی میں بوٹی کی حاجت روائی ہوتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ”بھائی ذرا نٹ بولٹ دیکھ لیجیے“ اس طرح بڑے کے گوشت کی بوٹی کو ”ذرا جانور دیکھ لیجیے دیگ میں“، ”بڑے صاحب“، انترا وغیرہ کہاجاتا ہے۔ اسی طرح چکن بریانی کی بوٹی کو کوڈ ورڈ ”پرندہ“ اور ”چڑیا“ ہے۔ کسی تقریب میں اگر ایک دوست کو پتاچل جائے کہ چھولا بریانی ہے تو وہ دوست دوسرے دوستوں کو سوالیہ نظروں سے دیکھتے ہوئے پوچھتا ہے کہ ”بھائی، فٹ بال کا سین ہے، بتاؤ چلنا ہے یا رُکے“ اسی طرح چھولا بریانی کا دوسرا کوڈ ورڈ ”گھوڑا“ ہے اس کی وجہ گھوڑے کی خاص غذا چنا بھی ہے۔

بہرحال، بریانی بریانی ہے، بریانی کی سب سے مقبول قسم بیف بریانی ہے لیکن بریانی تو بریانی ہے اس کے ساتھ کوئی شامل ہوجائے تو اس شامل ہونے والی چیز کی خوش بختی ہے نہ کہ بریانی کی۔ ہاں ایک بریانی کا تو ذکر ہی نہیں ہوا اور وہ ہے آلو بریانی، دیکھئے جی مجھے نہیں معلوم کہ کچھ لوگ آلو کو بریانی کا حصہ کیوں نہیں سمجھتے البتہ یہ اس کا خاص جز ہے، وہ کیسے؟ آپ یہ سوچ رہے ہوں گے چلیں ایک آسان سی مثال دیتا ہوں کہ بریانی میں آلو کیوں ضروری ہے۔

الیکشن میں ایک امیدوار کے ساتھ بیک اپ کے لئے ایک اور امیدوار کھڑا ہوتا ہے کہ اگر اصلی والا امیدوار کسی وجہ سے نا اہل ہوجائے تو یہ امیدوار اس سیٹ پر الیکشن لڑیں۔ سمجھے اب، ارے اگر بریانی سے بوٹیاں غائب ہوجائے تو یہ آلو بیک اپ کا کام دیتا ہے تاکہ بریانی کی رونق بھی قائم رہیں اور تناول کرنے والے کو آلو کا سہارا بھی رہیں۔
” بلا شبہ آلو بریانی کے اکیلے پن کو دور کرنے میں مددگار ہے“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).